عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// کٹھوعہ ضلع میں بین الاقوامی سرحد کے قریب واقع ایک گاوں میں جمعہ کو ایک شخص کی زرعی زمین کے نیچے سرحد پار سرنگ کی موجودگی کے شبہ کے بعد سیکورٹی فورسز نے تلاشی مہم شروع کی۔
حکام نے بتایا کہ بی ایس ایف کے اہلکار مقامی پولیس کے ساتھ مل کر اس مقام پر کھدائی کر رہے ہیں کہ آیا کوئی سرنگ موجود ہے یا نہیں۔
ایک عہدیدار نے بتایا کہ کٹھوعہ کے ہیرا نگر پٹی کے تھانگلی گاوں کے ایک کسان نے دیکھا کہ اس کے کھیتوں کی طرف جانے والا پانی ایک چھوٹی خندق میں جا رہا ہے، اُسے شبہ ہے کہ یہ سرحد پار کی سرنگ ہو سکتی ہے۔
گاوں کے باشندے نے جائے وقوعہ پر صحافیوں کو بتایا کہ اُس نے پولیس اور بی ایس ایف کو اطلاع دی، جو بلڈوزر لے کر موقع پر پہنچے اور بڑے پیمانے پر کھدائی کی لیکن کچھ نہیں ملا۔
انہوں نے کہا کہ وہ ابھی تک تلاش کر رہے ہیں کیونکہ کھیت سرحد سے صرف 500 میٹر کے فاصلے پر ہے۔ دو سال قبل اسی علاقے میں ایک ڈرون گرایا گیا تھا، جس کے ساتھ سات چسپاں بم اور دیگر مواد بھی تھا۔
کسان کا مزید کہنا تھا کہ اسی مقام پر ایک بور ویل بھی تھا جو شاید ڈھہ گیا ہو جس کی وجہ سے اس میں پانی اُس میں چلا گیا۔