بارہمولہ میں بی ایس ایف اہلکار، بڈگام میں سیاح دل کا دورہ پڑنے سے فوت

File Photo

عظمیٰ ویب ڈیسک

سرینگر// شمالی کشمیر کے بارہمولہ میں بی ایس ایف اہلکار اور وسطی کشمیر کے بڈگام میں ایک غیر مقامی سیاح دل کا دورہ پڑنے سے فوت ہو گیا۔
پولیس نے بتایا کہ 185 بٹالین بی ایس ایف کے برہندیو رام نامی ہیڈ کانسٹیبل کو شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع کے ہائر سیکنڈری سکول کنزر میں ڈیوٹی کے دوران دل کا دورہ پڑا۔
ان کا کہنا تھا کہ فوری طبی امداد فراہم کی گئی اور اسے فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں سے اسے جے وی سی سرینگر منتقل کر دیا گیا۔ تاہم جے وی سی سرینگر کے ڈاکٹروں نے اسے پہنچنے پر مردہ قرار دیا۔
اسی دوران وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع کے دودھ پتھری علاقے میں گزشتہ رات مدھیہ پردیش سے تعلق رکھنے والے ایک سیاح کی دل کا دورہ پڑنے سے موت ہو گئی۔
ایک اہلکار نے بتایا کہ تقریباً 72 سالہ سیاح للت کمار بانڈے ولد آنجہانی شوباگمل، سکنہ اندور مدھیہ پردیش بدھ کی شام سیاحتی مقام دودھ پتری میں بے ہوش ہو کر گر گیا تاہم اسے فوری طور پر ایس ڈی ایچ خانصاحب لے جایا گیا جہاں سے ڈاکٹروں نے اسے پہنچنے پر مردہ قرار دے دیا۔
انہوں نے کہا کہ طبی قانونی کاروائیوں کے بعد لاش کو آخری رسومات کے لیے ان کے آبائی مقام پر بھیج دیا گیا ہے۔
ایک پولیس افسر نے بتایا کہ اس سلسلے میں مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔