عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// جموں میں پیر کے روز ایک بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کے جوان کو مشتبہ حالات میں مردہ پایا گیا، جس کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کیں۔
ذرائع نے بتایا کہ پٹھان کوٹ، پنجاب کے رہائشی نتیش کمار (33) کو شہر کے نواحی علاقے پلوڑہ میں اپنے کرائے کے کمرے کی چھت سے لٹکا ہوا پایا گیا۔
حکام کے مطابق نتیش کمار جموں میں بی ایس ایف ہیڈکوارٹر میں تعینات تھے اور اپنی اہلیہ اور نابالغ بچے کے ساتھ اس نجی رہائش گاہ میں مقیم تھے۔
پولیس کی ایک ٹیم نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے گورنمنٹ میڈیکل کالج ہسپتال منتقل کیا۔
حکام نے مزید کہا کہ موت کی اصل وجہ جاننے کے لیے انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوتا ہے کہ جوان نے خود کو پھانسی کے پھندے پر لٹکا کر زندگی کا خاتمہ کیا ہے۔