سانبہ میں پاکستانی ڈرون کی نقل و حرکت، تلاشی کاروائی جاری: بی ایس ایف

جموں// بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) نے جموں و کشمیر کے سانبہ ضلع میں بین الاقوامی سرحد کے قریب ایک پاکستانی ڈرون پر فائرنگ کی، جس کے بعد بڑے پیمانے پر تلاشی مہم شروع کی گئی۔
دفاعی ترجمان نے بتایا کہ رام گڑھ سب سیکٹر میں چملیال سرحدی چوکی پر تعینات بی ایس ایف کے اہلکاروں نے صبح 2بج کر 30 منٹ کے قریب پاکستان کی طرف سے سرحد کی طرف بڑھتی ہوا میں ایک ٹمٹماتی ہوئی لال بتی دیکھی ، اور اسے نیچے گرانے کے لیے دو درجن سے زائد گولیاں چلائیں۔
انہوں نے کہا کہ فائرنگ کے بعد مشتبہ ڈرون پاکستانی طرف واپس چلا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ چملیال، سپوال اور نارائن پور سرحدی چوکیوں سے متصل اگلے دیہاتوں میں بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا گیا تاکہ ڈرون کے زریعے گرائی گئی اشیاءکو برآمد کیا جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ دگ، چنی-سپوال اور آسام پور گاوں میں کھلے میدانوں کی بھی بی ایس ایف کے اہلکار تلاش کر رہے ہیں جنہیں آپریشن کے لیے بڑی تعداد میں تعینات کیا گیا ہے۔