عشرت حسین بٹ
سرینگر/مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے مجوزہ دورہ جموں سے قبل بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کے ڈائریکٹر جنرل دلجیت سنگھ چوہدری نے جمعرات کو جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ کے ان علاقوں کا دورہ کیا جو حالیہ پاکستانی شیلنگ سے شدید متاثر ہوئے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے موجودہ سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا اور اہلکاروں سے بھی ملاقات کی۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ امیت شاہ اپنے دو روزہ جموں دورے کے دوران پونچھ میں مذہبی مقامات کا دورہ کریں گے۔ واضح رہے کہ 7 سے 10 مئی کے دوران لائن آف کنٹرول پر پیش آئے شدید سرحدی تصادم میں 28 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں سے سب سے زیادہ 14 شہری ہلاکتیں ضلع پونچھ میں ہوئیں۔
ڈائریکٹر جنرل بی ایس ایف نے اس دوران گرودوارہ سنگھ سبھا اور گیتا بھون کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاکستانی شیلنگ سے متاثرہ مذہبی مقامات اور شہری عمارتوں میں ہونے والے نقصانات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے بی ایس ایف اہلکاروں سے ملاقات کر کے آپریشن سندور کے بعد کی زمینی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔
یاد رہے کہ بھارت نے 7 مئی کو پہلگام حملے کے ردعمل میں “آپریشن سندور” کے تحت پاکستان اور پاکستان کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں دہشت گردی کے ٹھکانوں پر ٹھوس اور ہدفی حملے کیے تھے۔ اس کارروائی کے بعد پاکستان نے 8، 9 اور 10 مئی کو بھارتی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، جس کے جواب میں بھارتی افواج نے سخت جوابی کارروائی کرتے ہوئے کئی پاکستانی ملٹری تنصیبات کو نشانہ بنایا۔بالآخر 10 مئی کو دونوں ممالک کے درمیان چار روزہ شدید ڈرون اور میزائل حملوں کے بعد ایک غیر رسمی مفاہمت طے پائی، جس کے بعد عسکری تصادم رک گیا۔