عاصف بٹ
کشتواڑ// ضلع کشتواڑ کی سب ڈویژن چھاترو میں شبانہ آتشزدگی کی ہولناک واردات میں رہائشی مکان سمیت 7 دکانیں جل کر خاکستر ہو گئی ہیں جن میں کروڑوں روپے کی مالیت کا نقصان ہوا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ شب قریب گیارہ بجے عمارت میں آگ بھڑک اٹھی، جب الطاف حسین ملک کے رہائشی مکان میں آگ نمودار ہوئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری مارکیٹ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اگرچہ مقامی پولیس ، فوج، سی جی آئی کمپنی و نوجوانوں نے آگ پر قابو پانے کی بھرپور کوشش کی لیکن آگ اس قدر بھیانک تھی کہ رہائشی مکان سمیت سات دکانیں جل کر خاکستر ہوئیں جن میں کروڑوں روپے مالیت کا سامان موجود تھا، جو مکمل طور جل گیا۔
انتظامیہ نے ضلع ہیڈکوارٹرسے فائر سروس عملے کو علاقے میں بھیجا ، لیکن تب تک پوری مارکیٹ جل چکی تھی۔ مقامی لوگ بیوپار منڈل و امام جامعہ چھاترو نے چھاترو میں بند کی کال دی۔
امام جامعہ نے بتایا کہ اس سے قبل بھی علاقے میں متعدد آگ کی وارداتیں رونما ہوئیں اور ہم نے ہزار مرتبہ انتظامیہ سے فائر سروس عملہ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا لیکن آج تک اس پر عمل درآمد نہ ہوسکا اور آج ہم دوبارہ احتجاج کررہے ہیں اور جب تک نہ علاقے میں فائر سروس فراہم کیا جاتاہے تب تک احتجاج جاری رہے گا۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ پچاس ہزار آبادی کا علاقہ ہے اور چھاترو ہیڈکوارٹر ہے لیکن باوجود اسکے علاقے میں فائر سروس عملہ دستیاب نہیں ہے۔ کروڑوں روپے کی املاک کو نقصان پہنچاہے اور اس سے قبل بھی علاقے میں مختلف آگ کی وارداتوں میں متعدد گھر و دوکانیں جل کر خاکستر ہوئیں، اگر علاقے میں فائر سروس کا عملہ ہوتا تو آگ پر قابو پایاجاسکتاتھا۔
انتظامیہ نے آج تک صرف وعدے کیے لیکن نتیجہ کچھ نہ نکلا اور لوگوں کی املاک کو آج بھی نقصان پہنچ رہاہے۔