عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہے کہ یونین ٹیریٹری کے لیے بی آر او (بارڈر روڈز آرگنائزیشن) کے انفراسٹرکچر منصوبے سٹریٹجک اہمیت کے حامل ہیں اور دور دراز علاقوں کے لوگوں کے لیے اقتصادی ریڑھ کی ہڈی ثابت ہوں گے۔
انہوں نے مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بیکن اور سمپرک کے تحت 19 انفراسٹرکچر منصوبے جموں و کشمیر میں وقف کیے ہیں۔
ایل جی منوج سنہا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر کہا،”وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کا تہہ دل سے شکریہ جنہوں نے جموں و کشمیر میں 19 سڑکوں اور پلوں کے منصوبے قوم کے نام وقف کیے۔ یہ انفراسٹرکچر فوج اور سول ایڈمنسٹریشن دونوں کے لیے اسٹریٹجک اہمیت رکھتے ہیں اور دور دراز علاقوں میں رہنے والے لوگوں کے لیے اقتصادی لائف لائن ثابت ہوں گے”۔
یاد رہے کہ وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے ہفتہ کے روز 75 بی آر او انفراسٹرکچر منصوبے قوم کے نام وقف کیے، جن کی مجموعی لاگت 2,236 کروڑ روپے ہے، جس میں جموں و کشمیر میں 731.22 کروڑ روپے کی لاگت سے سات سڑکیں اور 12 پل شامل ہیں۔
یہ 75 منصوبے، جن میں 22 سڑکیں، 51 پل اور دو دیگر منصوبے شامل ہیں، 11 ریاستوں اور یونین ٹیریٹریز میں پھیلے ہوئے ہیں، جن میں سے 19 منصوبے جموں و کشمیر میں واقع ہیں۔