کپواڑہ// شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ کے دوروسہ لولاب علاقے میں تالاب میں ڈوبنے کے ایک دن بعد آج صبح ایک 19 سالہ نوجوان کی لاش برآمد کی گئی ہے۔
ایک اہلکار نے بتایا کہ محمد عاقب ڈار ولد اشتیاق احمد ڈار ساکن بھٹ محلہ دوروسہ عید کے دن لڑکوں کے ایک گروپ کے ساتھ نہاتے ہوئے ڈوب گیا۔ ساتھیوں اور مقامی لوگوں نے پہلے اپنے طور پر اسے تلاش کرنے کی کوشش کی تاہم کوئی سراغ نہ ملنے پر سوگام اور لال پورہ پولیس، ایف اینڈ ای ایس ڈیپارٹمنٹ، محکمہ ریونیوکو مطلع کیا گیا، جن کی ایک ٹیم کے علاوہ قریبی فوجی یونٹ کے اہلکار ریسکیو کے لیے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔
اہلکار نے بتایا کہ مسلسل کوششوں کے بعد، بچاو ٹیمیں آج صبح لاش کو نکالنے میں کامیاب ہوئیں۔
ایس ڈی ایم سوگام اعجاز احمد نے لاش کی بازیابی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایک مارکوس ٹیم کو بھی مطلع کیا تھا، جو جائے وقوعہ پر پہنچ گئی تھی اور اس دوران لاش کو نکال لیا گیا ۔
لاش کو ضروری طبی اور قانونی کارروائیوں کے لیے قریبی صحت کی مرکز میں منتقل کیا گیا ہے۔
لولاب : تالاب میں ڈوبے نوجوان کی لاش برآمد