عشرت حسین بٹ
پونچھ//گزشتہ رات سرنکوٹ کے جڑنوالی گلی علاقے میں اُس وقت سنسنی پھیل گئی جب ایک 55 سالہ شخص کی لاش اُس کے ہی گھر میں پانی کے ڈرم سے برآمد ہوئی۔ متوفی کی شناخت محمد شبیر ولد محمد حسین، ساکن جڑنوالی گلی، سرنکوٹ کے طور پر ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق محمد شبیر کی نعشاچانک اس کے گھر کے صحن میں رکھے پانی کے ڈرم سے ملی، جس پر اہل خانہ نے فوری طور پر سرنکوٹ پولیس کو اطلاع دی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی اور لاش کو قبضے میں لے کر ابتدائی تحقیقات کا آغاز کر دیا۔
پولیس کے مطابق معاملہ مشتبہ لگ رہا ہے اور مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے روانہ کر دیا گیا ہے تاکہ موت کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگوں کی بڑی تعداد موقع پر جمع ہو گئی اور علاقے میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہو گئی۔
پولیس نے اہل خانہ کے بیانات قلمبند کر لئےہیں اور دیگر ممکنہ شواہد اکٹھا کئےجا رہے ہیں۔تاہم، اس واقعے کے حوالے سے ابھی مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
پونچھ سرنکوٹ:پراسرار حالات میں ایک شخص کی نعش برآمد
