عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/ ایک نوجوان کی نعش ہفتہ کی صبح ایس ڈی آر ایف کے ریسکیو اہلکاروں نے ڈل جھیل کے ڈک پارک کے قریب سے برآمد کی، جو جمعہ کی دوپہر کشتی الٹنے کے بعد لاپتہ ہو گیا تھا۔
ایک سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ لاپتہ نوجوان، جو رینہ واری کے چوپان محلہ کا رہائشی تھا، کی لاش رات بھر خراب روشنی کے باعث معطل کیے گئے ریسکیو آپریشن کے بعد صبح دوبارہ آپریشن شروع ہونے پر برآمد کی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ صبح روشنی ہوتے ہی سرچ آپریشن دوبارہ شروع کیا گیا، جس کے دوران نوجوان کی لاش ملی۔ نوجوان کی شناخت 24 سالہ توفیق احمد چوپان، ساکن چوپان محلہ، رینہ واری، سرینگر کے طور پر ہوئی ہے۔
یاد رہے کہ یہ حادثہ اُس وقت پیش آیا جب تیز ہواؤں کے باعث کشتی الٹ گئی اور اس میں سوار دو ماہی گیر پانی میں ڈوب گئے تھے۔ ان میں سے ایک، عبدالمجید کھوسہ، ساکن رینہ واری، کو حادثے کے فوراً بعد بچا لیا گیا تھا، تاہم توفیق احمد چوپان کو متعدد کوششوں کے باوجود جمعہ کو تلاش نہیں کیا جا سکا ـ