سرینگر میں بلیدان ستمبھ مکمل طور پر تیار ہے: ایس ایم سی کمشنر

یو این آئی

سرینگر// سرینگر میونسپل کارپوریشن (ایس ایم سی) کے کمشنر ڈاکٹر اویس احمد کا کہنا ہے کہ سری نگر کی پرتاب پارک میں بلیدان ستمبھ مکمل طور پر تیار ہے اور یہاں 15 اگست کی تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔
انہوں نے لوگوں سے بلیدان ستمبھ دیکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملک خاص طور پر جموں و کشمیر کے لئے قربانیاں پیش کرنے والوں کی علامت ہے۔
بتادیں کہ سری نگر کے وسط میں واقع پرتاب پارک میں تعمیر ہونے والے بلیدان ستمبھ (شہیدوں کی یاد گار) کا سنگ بنیاد وزیر داخلہ امیت شاہ نے سال گذشتہ کے 24 جون کو رکھا تھا۔
ایس ایم سی کمشنر نے منگل کو اس بلیدان ستمبھ کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا کو بتایا: ’15 اگست سے پہلے ہی یہ مکمل طور پر تیار ہوا ہے تاکہ اس میں 15 اگست کی تقریب کا انعقاد کیا جا سکے’۔
انہوں نے کہا کہ یہاں 13 اگست کو فل ڈرس ریہرسل بھی منعقد ہوئی۔
ان کا کہنا تھا: ‘یہ مکمل طور پر تیار ہے لوگوں سے اپیل ہے کہ وہ یہاں آئیں اور جن لوگوں نے ملک خاص طور پر جموں وکشمیر کے لئے قربانیاں پیش کی ہیں، اس علامت کو دیکھیں’۔
ڈاکٹر اویس احمد نے کہا کہ بلیدان ستمبھ دیکھنے کے لئے کسی قسم کی کوئی داخلہ ٹکٹ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ لوگوں کے لئے کھلی ہے اور لوگ اپنے بچوں کے ساتھ آکر اس کو دیکھ کر شہیدوں کی قربانیوں کو محسوس کر سکتے ہیں۔
15 اگست کی تیاریوں کے بارے میں پوچھے جانے پر ان کا کہنا تھا: ‘ایس ایم سی نے اپنی تمام تر تیاریوں کو مکمل کیا ہے’۔
انہوں نے کہا: ‘جو ہمارے ذمہ تیاریاں جیسے سڑکوں کی مرمت، ڈرینیج سسٹم ٹھیک کرنا، پانی سپلائی کو یقینی بنانا وغیرہ ہوتی ہیں، ان سب کو حتمی شکل دی گئی ہے’۔