بی جے پی اقتدار میں آئی تو جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات نہیں ہوں گے: فاروق عبداللہ

عظمیٰ ویب ڈیسک

سرینگر// سابق وزیر اعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے منگل کو کہا کہ اگر بی جے پی ایک بار پھر اقتدار میں آئے گی تو جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے امکانات تاریک ہو جائیں گے۔
سرینگر میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا، ”مجھے نہیں معلوم کہ جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات ہوں گے یا نہیں۔ اگرچہ سپریم کورٹ نے جموں و کشمیر میں انتخابات کے انعقاد کی تاریخ مقرر کی تھی، لیکن میں بی جے پی کے عزائم سے مایوس ہوں، جو ایک بار پھر اقتدار میں آنے کی صورت میں عدالت عظمیٰ کی ہدایات کی خلاف ورزی کرے گی”۔
انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم مودی روس میں پوتن کی طرح زندگی بھر اقتدار میں رہنا چاہتے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر فاروق نے کہا کہ غلام نبی آزاد، سجاد غنی لون اور الطاف بخاری کو خود کا جائزہ لینا چاہیے کہ وہ کس کے لیے کام کر رہے ہیں، اور ان پر زور دیا کہ وہ ان لوگوں کی حمایت کرنے کے اپنے فیصلے پر نظرثانی کریں جو مسلم مخالف ہیں۔ اُنہوں نے تینوں کی ہدایت کیلئے دعا کی۔
وادی میں غیر طے شدہ بجلی کی کٹوتیوں کے بارے میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے، این سی صدر نے کہا، “یہ بحران آنے والے دنوں میں کمزور پڑ سکتا ہے اور اگر بھاجپا کو اقتدار ملا تو صورتحال مزید افراتفری کا شکار ہو جائے گی”۔