یو این آئی
جموں// جموں و کشمیر بھارتیہ جنتاپارٹی یونٹ کے صدر رویندر رینا نے بدھ کے رو ز کہا کہ مرکز کے زیر انتظام علاقے میں بھاجپا اگلے سال ہونے والے لوک سبھا انتخابات میں سبھی نشستوں پر جیت حاصل کرئے گی۔انہوں نے کہاکہ اپوزیشن پارٹیوں کا سیاسی وجود معدوم ہونے کے دہانے پر ہے۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے جموں میں پارٹی کنونشن سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ آنے والے پارلیمانی انتخابات میں بی جے پی ایک دفعہ پھر حکومت بنانے میں کامیاب ہو جائے گی۔ان کے مطابق جموں وکشمیر کی سبھی نشستوں پر بی جے پی امیدواروں کی جیت یقینی ہے کیونکہ ان پانچ سالوں کے دوران بھاجپا نے لوگوں کے مسائل حل کئے ہیں۔
اپوزیشن پارٹیوں کو ہدفہ تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے رویندر رینا نے کہاکہ جھوٹے بیانات دے کر کسی نہ کسی بہانے بی جے پی کو نشانہ بنانا اپوزیشن جماعتوں کی پرانی عادت ہے۔انہوں نے کہاکہ حقیقت یہی ہے کہ اپوزیشن پارٹیوں کا اب وجود خطرے میں پڑ گیا ہے کیونکہ لوگ بی جے پی کے ساتھ اپنی وابستگی جتا رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ سال 2024کے پارلیمانی انتخابات میں ملک کی سیاسی تاریخ میں ایک نیاباب رقم ہوگا کیونکہ ملک کے عوام نے بی جے پی کو ایک دفعہ پھر مرکز میں اقتدار میں لانے کا من بنا لیا ہے۔انہوں نے کہاکہ موجودہ مرکزی حکومت نے لوگوں کے لئے کام کیا ہے ۔
اس موقع پر بی جے پی کے جنرل سیکریٹری اشوک کول نے کہاکہ جموں وکشمیر کے طول و عرض میں تبدیلی کی لہر دیکھی جارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ ماضی میں نیشنل کانفرنس اور کانگریس کی حکومتوں نے لوگوں کو سبز باغ دکھائے ہیں۔