عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے جموں و کشمیر میں پارٹی کے واحد ایم ایل اے مہراج ملک پر مبینہ حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
اروند کیجریوال نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا: عام آدمی پارٹی کے ایم ایل اے مہراج ملک پر بی جے پی کا حملہ انتہائی قابل مذمت ہے۔ یہ بی جے پی کی مایوسی ظاہر کرتا ہے۔ مہراج ملک عوام کے سوالات اٹھا رہے تھے۔ بی جے پی عوام کی آواز کو نہیں دبا سکتی۔
عام آدمی پارٹی کے سینئر رہنما اور راجیہ سبھا کے رکن سنجے سنگھ نے بھی ایکس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا:بی جے پی کے لیڈر پورے ملک میں غنڈہ گردی پر اتر آئے ہیں۔ یہ نہ سمجھیں کہ مہراج ملک اکیلے ہیں۔ وہ اکیلے ہی بی جے پی کے غنڈوں سے نمٹنے کے لیے کافی ہیں۔
دہلی عام آدمی پارٹی کے صدر سوربھ بھاردواج نے بھی کہابی جے پی کے غنڈوں کا یہ شرمناک رویہ ناقابل برداشت ہے۔ وہ جموں و کشمیر اسمبلی میں عام آدمی پارٹی کے ایک منتخب ایم ایل اے کو بھی برداشت نہیں کر سکتے۔
یہ واقعہ بدھ کے روز اس وقت پیش آیا جب جموں و کشمیر اسمبلی میں مہراج ملک کی ہندوؤں سے متعلق مبینہ متنازعہ ریمارکس پر ہنگامہ برپا ہو گیا، جس کے نتیجے میں متعدد اراکین اسمبلی کو اسمبلی سے باہر نکال دیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق، بی جے پی کے کچھ اراکین نے مہراج ملک کے اس بیان پر اعتراض کیا جس میں مبینہ طور پر کہا گیا کہ ’’ہندو تلک لگاتے ہیں مگر ہمیشہ گناہ کرتے ہیں۔‘‘
بی جے پی ایم ایل اے وکرم رندھاوا نے اسمبلی کے اندر واقعے کے دوران مہراج ملک کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا: ’’آج اس نے ہندوؤں کی توہین کی ہے؛ کیا وہ جو چاہے کرے گا؟ ہم اس کا بھرپور احتجاج کریں گے۔ اس نے کہا کہ ہندو تلک لگاتے ہیں، گناہ کرتے ہیں، چوری کرتے ہیں، شراب پیتے ہیں۔ ہم اسے بتائیں گے کہ ہندو کیا کرتے ہیں۔”
دوسری جانب، عام آدمی پارٹی کے ایم ایل اے مہراج ملک کی پی ڈی پی ایم ایل اے وحید پرہ سے بھی تلخ کلامی ہوئی۔ مہراج ملک نے پرا پر الزام لگاتے ہوئے کہا: ’’تم غدار ہو… تم نے مافیا کو اندر لایا ہے۔ باہر اتنے لوگ ہیں۔ یہ لوگ کون ہیں؟
صحافیوں سے بات کرتے ہوئے مہراج ملک نے کہاوہ کہتا ہے کہ میرے اندر تہذیب نہیں ہے؟ کیا وہ مجھے تہذیب سکھائے گا؟مہراج ملک نے مزید دعویٰ کیا کہ انہیں بی جے پی کے کارکنوں نے حملے کا نشانہ بنایا۔یہ واقعہ سیاسی گرما گرمی کا باعث بن گیا ہے اور عآپ نے بی جے پی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ عوامی نمائندوں کو خاموش نہیں کرا سکتی۔
معراج ملک پر مبینہ حملے کے بعد کجریوال کا سخت ردعمل
