عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/بی جے پی نے جموں و کشمیر میں چاروں راجیہ سبھا سیٹوں کے لیے امیدوار کھڑا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔پارٹی کے جموں وکشمیر یونٹ کے ترجمان اعلیٰ سنیل سیٹھی نے یہاں پارٹی کی کور گروپ میٹنگ کے بعد ایک مختصر پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ بی جے پی جموں وکشمیر کی سبھی راجیہ سبھا سیٹوں پر الیکشن لڑے گی۔انہوں نے کہا کہ پارٹی نے اس ضمن میں کسی دوسری پارٹی کے ساتھ رابطہ نہیں کیا ہے۔
ان کا کہنا تھاآج کور گروپ میٹنگ کے دوران کئی امور کے علاوہ راجیہ سبھا الیکشن پر بھی بات چیت ہوئی جس پر کور گروپ کے تمام اراکین نے اپنا نقطہ نظر رکھا جس کو پارٹی ہائی کمانڈ کو بھیج دیا گیا۔ترجمان اعلیٰ نے کہایہ ابتدائی میٹنگ تھی ضرورت پڑنے پر اور بھی بات چیت کی جا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ آنے والے وقت میں واضح کیا جائے گا کہ بی جے پی کون سے امیدوار کھڑا کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ میٹنگ میں اس چیز پر بات ہوئی کہ موجودہ حالات میں کس قسم کے لیڈر کو راجیہ سبھا میں بھیجا جانا چاہئے جو آواز بلند کرسکے۔انہوں نے کہا کہ جس کو بھی پارٹی منڈیٹ دے گی وہ پارٹی کی صحیح نمائندگی کرے گا۔واضح رہے کہ الیکشن کمیشن (ای سی) نے 25 ستمبر کو اعلان کیا کہ جموں وکشمیر میں راجیہ سبھا کی چار سیٹوں کے لیے انتخابات 24 اکتوبر کو کرائے جائیں گے۔
بی جے پی جموں و کشمیر کی چاروں راجیہ سبھا سیٹوں پر الیکشن لڑے گی: سنیل سیٹھی
