عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/بھارتیہ جنتا پارٹی نے جمعرات کی صبح سری نگر میں اپنی مقننہ پارٹی کی میٹنگ طلب کی ہے تاکہ قانون ساز اسمبلی کے خزاں اجلاس کے لیے حکمتِ عملی تیار کی جا سکے۔ذرائع نے بتایا کہ اپوزیشن لیڈر اور بی جے پی کے رہنما سنیل کمار شرما تمام بی جے پی ارکانِ اسمبلی کی میٹنگ کی صدارت کریں گے تاکہ حکومت کو مختلف معاملات پر گھیرنے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل تیار کیا جا سکے۔ایک بی جے پی ایم ایل اے نےبتایا’’ہم کل صبح 8 بج کر 30 منٹ پر میٹنگ کر رہے ہیں تاکہ ان مسائل پر گفتگو کی جا سکے جو اجلاس کے دوران اٹھائے جائیں گے۔
شرما نے اس سے قبل کہا تھا کہ بی جے پی نیشنل کانفرنس کی زیرِ قیادت حکومت سے انتخابی وعدوں کی عدم تکمیل پر جواب دہی کا مطالبہ کرے گی۔ انہوں نے کہا، حکومت انتخابات کے دوران کیے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہے—چاہے وہ 200 فری یونٹ بجلی کا وعدہ ہو، ہر گھر کو 12 ایل پی جی سلنڈر دینے کا، یا عوام سے کیے گئے دیگر اعلانات۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی حکومت سے نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا نہ کرنے پر بھی سوال کرے گی۔ شرما نے کہا انتخابات میں حکومت نے ایک لاکھ نوکریاں دینے کا وعدہ کیا تھا، لیکن اب تک کچھ نہیں کیا گیا۔ ہم پوچھیں گے کہ گزشتہ ایک سال میں نوجوانوں کے لیے کیا کیا گیا ہے۔
اسمبلی اجلاس: بی جے پی قانون ساز پارٹی کی میٹنگ کَل سرینگرمیں
