یو این آئی
جموں// بھارتیہ جنتاپارٹی کے جموں وکشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینہ نے ہفتے کے روز کہا کہ سری نگر، بارہمولہ نشست پر بی جے پی اپنے امیدواروں کو کھڑا کرئے گی۔انہوں نے کہاکہ کشمیر میں بھاجپا کا زبردست دبدبہ ہے اور اس بار یہاں کنول کا پھول کھلتا ہوا نظر آرہا ہے۔
جموں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران بی جے پی صدر رویندر رینا نے کہاکہ جموں وکشمیر کی پانچ پارلیمانی نشستوں پر بی جے پی کی جیت یقینی ہے۔انہوں نے کہاکہ راجوری اننت ناگ سیٹ پر بی جے پی سب سے مضبوط ترین دعویدار ہے۔ان کے مطابق سری نگر بارہ مولہ نشست پر بھی بی جے پی کی مضبوط پکڑ ہے اور اس بار کشمیر سے بھی بی جے پی کو سیٹ ملنے کی امید ہے۔
سری نگر، بارہمولہ نشست پر امیدوار کھڑا کرنے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں رویندر رینا نے کہاکہ بہت جلد ہم امیدواروں کا اعلان کرنے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر میں بھارتیہ جنتاپارٹی کافی مضبوط ہے اور اس بار وادی میں کنول کا پھول ضرور کھلے گا۔
اپنی پارٹی، پیپلز کانفرنس کے ساتھ اتحاد کرنے کے بارے میں پوچھے گئے اور ایک سوال کے جواب میں رویندر رینا نے کہاکہ اس کا فیصلہ تو مرکزی قیادت ہی لے سکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ جو پارٹی کا فیصلہ ہوگا وہ ہمارے لئے سرآنکھوں پر ہے ۔
جموں وکشمیر کی پانچ پارلیمانی نشستوں پر بھاجپا کی جیت کو یقینی قرار دیتے ہوئے رویندر رینہ نے کہاکہ بی جے پی نے اس حوالے سے سبھی تیاریاں مکمل کی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کے لوگ اس بار سبھی پانچ نشستوں پر بی جے پی کے امیدواروں کے حق میں ووٹ دیں گے۔رویندر رینا کے مطابق اس بار کشمیر میں بھی کنول کا پھول کھلے گا کیونکہ لوگوں نے تہیہ کر کے رکھا ہواہے کہ وہ مودی جی کو تیسری مرتبہ وزیر اعظم منتخب کریں گے۔
دریں اثنا ذرائع نے بتایا کہ سرینگر، بارہمولہ نشستوں پر بی جے پی ہم خیال پارٹیوں کے ساتھ اتحاد کرنے کے بارے میں سنجیدگی کے ساتھ غور کررہی ہے۔