سرینگر// نیشنل کانفرنس کے ترجمان اعلیٰ تنویر صاد ق کا کہنا ہے کہ بی جے پی نے پھر سے اپنی گندی سیاست کھیلی اور یوم شہداءو مرحوم شیخ محمد عبداللہ کے جنم دن کی تعطیلات نہ دیکر جموں وکشمیر کے عوام کو ٹھیس پہنچائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اُمید کرتے تھے 13جولائی اور 5دسمبر کو تعطیلات کے کلینڈر میں شامل کیا جائے گا لیکن ایسا نہیں کیا گیا۔
انہوں نے کہاکہ اس فیصلے نہ شہدائے کشمیر اور شیر کشمیر شیخ محمد عبداللہ کی جموں وکشمیر کے عوام کی زندگی بہتر بنانے اور ایک آزاداور جمہوری ماحول میں سانس لینے کیلئے جو قربانیاں دیں ہیں وہ ناقابل فراموش ہیں اور چھٹیاں منسوخ کرکے ان کے رول میں کوئی کمی نہیں آگئی ۔
تنویر صادق نے کہا کہ ہم اپنے حقوق کی جدوجہد کیساتھ ساتھ جموں وکشمیر کے ریاستی درجے کیلئے لڑتے رہیں گے اور انشاءاللہ جس دن ریاستی درجہ کی واپسی ہوگی سب سے پہلے یہ فیصلے لئے جائیں گے اور ساتھ ہی دربار مو جیسے دوسرے فیصلے لئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے بی جے پی لیڈر شپ پر افسوس کہ انہوں نے لوگوں کے احساس اور ایک عوامی چنندہ سرکار کے کام میں بے جا مداخلت کی۔
انہوں نے بی جے پی اور ایل جی سے اپیل کی کہ وہ ایک بھاری اکثریت سے کامیاب ہوکر آئی سرکار کے کام میں روڑے اڑکانے سے گریز کریں۔
اس دوران پارٹی کی خواتین ونگ صدر اور ایم ایل اے حبہ کدل نے بھی یوم شہداء اور مرحوم شیخ محمد عبداللہ کے جنم دن کو تعطیلات میں شامل نہ کرنے پر زبردست برہمی کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہاکہ بھاجپا کو ابھی تک انتخابات میں اپنی اور اپنے حواریوں کی ہار ہضم نہیں ہورہی ہے اور اسی لئے ایل جی آفس کے ذریعے جموں و کشمیر حکومت کے کام میں بے جا مداخلت کرنے کی مرتکب ہورہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ تعطیلات نہ دینے سے یوم شہدا اور شیر کشمیر کے تاریخی اور انقلابی رول کو جٹھلایا نہیں جاسکتا ہے۔
بھاجپا ایل جی دفتر کے ذریعے حکومت کے کام میں مداخلت سے گریز کرے: تنویر صادق
