عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/ عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے کہا کہ اسٹاف سلیکشن کمیشن (ایس ایس سی) امتحان سے متعلق طلباء کی آواز سننے کے بجائے رات کی تاریکی میں ان پر لاٹھیاں برساکر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے جمہوریت کا مذاق اڑایا ہے۔
مسٹر کیجریوال نے پیر کو کہا، “یہ طلباء ایس ایس سی امتحان میں بے قاعدگیوں کو لے کر مہینوں سے انصاف کے لیے لڑ رہے تھے۔ ان کی آواز سننے کے بجائے رات کے اندھیرے میں ان پر لاٹھیاں برسادی گئیں۔ ذرا تصور کریں… جن ہاتھوں میں کل کتابیں ہونی چاہیے تھی، آج ان پر زخموں کے نشان ہیں۔ میڈیا والوں کو بھی خبروں کی کوریج کرنے سے روک دیا گیا”۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں کھلم کھلا غنڈہ گردی جاری ہے، بی جے پی پر سوال اٹھانے والوں پر لاٹھی چارج کیا جاتا ہے اور ان کی آواز کو دبایا جاتا ہے۔ کسی کو بھی اٹھا کر جیل میں ڈال دیا جاتا ہے، جب چاہے کوئی بھی قانون بدل دیا جاتا ہے۔ اگر کوئی بی جے پی کو ووٹ نہیں دیتا تو اس کا ووٹ منسوخ کر دیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے نہ صرف جمہوریت بلکہ پورے نظام کا مذاق بنا کر رکھ دیا ہے۔
اے اے پی لیڈر آتشی نے کہا، “بی جے پی حکومت نے دہلی کے رام لیلا میدان میں ایس ایس سی کے طلباء اور اساتذہ پر پولیس کے ڈنڈوں کا استعمال کیا۔ سوال پوچھنے والے نوجوانوں کو نہیں سنا گیا، بلکہ زمین پر گھسیٹا گیا اور مارا پیٹا گیا۔ یہ غنڈہ گردی ظاہر کرتی ہے کہ ملک میں جمہوریت کے بجائے بی جے پی کا ظلم کا نظام چل رہا ہے۔ سوال پوچھنے والوں کی آواز کو کچل دیا گیا ہے۔ بی جے پی ملک میں کھلم کھلا ڈکٹیٹر شپ چلا رہی ہے۔”
غور طلب ہے کہ پولیس نے کل دیر رات رام لیلا میدان میں ایس ایس سی امتحان میں بے قاعدگیوں کے خلاف احتجاج کر رہے طلباء پر طاقت کا استعمال کیا اور کئی نوجوانوں کو حراست میں لے لیا۔