عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے پیر کو کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی خرید و فروخت کے بغیر ایک بھی راجیہ سبھا سیٹ جیتنے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتخابات ظاہر کریں گے کہ کون بی جے پی کے ساتھ کھڑا ہے اور کون اس کی مخالفت کرتا ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نےکہا کہ بی جے پی کو چوتھی سیٹ جیتنے کے لیے تقریباً 30 ارکان کی ضرورت ہے، جبکہ ان کے پاس صرف 28 ہیں۔ انہوں نے کہا، گزشتہ ایک سال میں 28 ارکان کے علاوہ ایک بھی ایم ایل اے ایسا نہیں جس نے بی جے پی کی حمایت کی ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر بی جے پی چار سیٹیں جیتنے کا دعویٰ کر رہی ہے تو یہ پیسے کی طاقت، دباؤ اور ایجنسیوں کے اثر و رسوخ کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ اگر وہ واقعی طاقت اور دولت کے زور پر جیتنے جا رہے ہیں، تو وہ یہ ثابت کریں گے کہ بہار میں جو لوگ ان پر الزام لگاتے ہیں وہ درست ہے۔
عمر عبداللہ نے کہا کہ اعداد و شمار کے لحاظ سے بی جے پی ایک بھی سیٹ جیتنے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔ یہ راجیہ سبھا انتخابات ہمیں واضح طور پر دکھائیں گے کہ بی جے پی کے حامی کون ہیں اور مخالف کون۔ جو کوئی ووٹنگ سے غیر حاضر رہے گا وہ بی جے پی کا دوست ہے، اور جو بی جے پی کو ووٹ دے گا وہ بھی ان کا حامی ہے۔
بی جے پی’خرید و فروخت اور دباؤ‘کے بغیر ایک بھی سیٹ نہیں جیت سکتی: وزیراعلیٰ عمر عبداللہ
