نیشنل کانفرنس اور بھاجپا کا خفیہ اتحاد:میئر ایس ایم سی کا دعویٰ کچھ اراکین چاہتے ہیں کہ وہ غیر قانونی دستاویزات پر دستخط کریں، غیر قانونی تعمیرات کی اجازت دیں: جنید عظیم متو

سری نگر//سری نگر میونسپل کارپوریشن کے میئر جنید عظیم متو نے جمعرات کو دعویٰ کیا کہ نیشنل کانفرنس اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے درمیان خفیہ اتحاد ہے اور کچھ نمائندے چاہتے ہیں کہ وہ غیر قانونی دستاویزات پر دستخط کریں اور غیر قانونی تعمیرات کی بھی اجازت دیں۔
خبر رساں ایجنسی – کشمیر نیوز آبزرور (کے این او) کے مطابق، ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے، متو نے کہا کہ کچھ اراکین انہیں غیر قانونی دستاویزات پر دستخط کرنے اور شہر کے اندر غیر قانونی سرگرمیوں کی اجازت دینے پر مجبور کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا، “ان کے مطابق ہمارے اختلافات تب ہی ختم ہوں گے جب میں دستاویزات پر دستخط کروں گا اور غیر قانونی تعمیرات اور دیگر سرگرمیوں کی اجازت دوں گا”۔
میئر نے مزید کہا کہ حکومت نے کہا تھا کہ خاندانی راج کو ختم کر دیا جائے گا، تاہم رشوت خوری میں ملوث این سی لیڈروں کو کھلے عام چھوڑ دیا گیا ہے۔
متو نے کہا کہ اگر این سی کا بی جے پی کے ساتھ خفیہ اتحاد ہے تو وہ اس سلسلے میں کھلا اعلان کیوں نہیں کرتے۔ اگر NC کشمیر میں تبدیلی کا راستہ ہے تو ہم سیاست کو خیرباد کہہ دیں گے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ موجودہ ڈپٹی میئر اور این سی لیڈر پرویز قادری رشوت ستانی میں ملوث ہیں کیونکہ انہوں نے اب تک لوگوں سے ایک کروڑ روپے لے لئے ہیں۔
متو نے مزید کہا، “اس سلسلے میں پولیس کو کافی ثبوت دیے گئے ہیں، لیکن، میں نہیں جانتا کہ کن وجوہات کی بنا پر کارروائی میں تاخیر ہو رہی ہے”۔