عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/بجبہاڑا حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد دو ہوگئی ہے، ایک ابھرتے ہوئے کرکٹر نے منگل کے روز زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا۔
ایک سرکاری عہدیدارنے بتایا کہ کرکٹر جاسف حسن، جو غلام حسن ڈار ساکن سنگم کا بیٹا تھا، کو گزشتہ شام نازک حالت میں جی ایم سی اننت ناگ منتقل کیا گیا تھا۔ ڈاکٹروں کی بھرپور کوششوں کے باوجود وہ جانبر نہ ہو سکا۔
اس سے قبل عرفان احمد، ساکن میر بازار قاضی گنڈ، موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا تھا۔
حادثے میں زخمی ہونے والے دیگر دو افراد، جن کی شناخت ندیم احمد ڈار اور خورشید احمد کے طور پر ہوئی ہے، اس وقت زیر علاج ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ یہ حادثہ پیر کی شام جنوبی کشمیر میں فروٹ منڈی جبلی پورہ کے قریب پیش آیا تھا، جب ایک ٹرک نے ایک پرائیویٹ کار کو ٹکر ماری، جس کے نتیجے میں چار افراد زخمی ہوگئے تھے، جن میں سے دو جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ دو دیگر زیر علاج ہیں۔