عظمیٰ ویب ڈیسک
پٹنہ/بہار اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 27.65 فیصد ووٹروں نے پہلے چار گھنٹوں میں یعنی صبح 11 بجے تک اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ریاستی الیکشن آفس کے مطابق جمعرات کی صبح 7 بجے سے 121 اسمبلی حلقوں کے 45,341 پولنگ اسٹیشنوں پر شروع ہوئی ووٹنگ میں صبح 11 بجے تک 27.65 فیصد ووٹ ڈالے گئے ہیں۔ پہلے چار گھنٹوں میں بیگوسرائے ضلع میں سب سے زیادہ 30.37 فیصد ووٹ ڈالے گئے، جبکہ پٹنہ ضلع میں سب سے کم 23.71 فیصد ووٹ ڈالے گئے۔
اس دوران ضلع مدھے پورہ میں 28.46 فیصد، سہرسہ ضلع میں 29.68 فیصد، دربھنگہ ضلع میں 26.07 فیصد، ضلع مظفر پور میں 29.66 فیصد، گوپال گنج ضلع میں 30.04 فیصد، ضلع سیوان میں 27.09 فیصد، ضلع سارن میں 28.09 فیصد، ضلع ویشالی میں 28.67 فیصد ووٹروں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ سمستی پور ضلع میں 27.92 فیصد، کھگڑیا ضلع میں 28.96 فیصد، مونگیر ضلع میں 26.68 فیصد، ضلع لکھیسرائے میں 30.32 فیصد، ضلع شیخ پورہ میں 26.04 فیصد، نالندہ ضلع میں 26.86 فیصد، ضلع بھوجپور میں 26.76 فیصد اور ضلع بکسر میں 28.02 فیصد ووٹ ڈالے گئے۔
بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے بختیار پور کے پولنگ اسٹیشن پر اپنا ووٹ ڈالا۔ انہوں نے عوام سے ووٹ دینے کی اپیل کی۔ انہوں نے انسٹاگرام پر لکھا، “بہار اسمبلی انتخابات کے لیے ووٹنگ کا پہلا مرحلہ آج ہو رہا ہے۔ تمام ووٹروں سے درخواست ہے کہ وہ اپنے ووٹ کا حق استعمال کریں۔ ووٹ دیں اور دوسروں کو بھی ایسا کرنے کی ترغیب دیں۔ پہلے ووٹ، پھر ریفریشمنٹ!” راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے سپریمو لالو پرساد یادو نے اپنا ووٹ ڈالنے کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے ریاست میں ’تبدیلی‘ کا اشارہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی آئے گی۔وکاس انسان پارٹی (VIP) کے سپریمو اور گرینڈ الائنس (مہا گٹھ بندھن) کے نائب وزیر اعلیٰ کے عہدے کے امیدوار مکیش ساہنی نے کہا، “عوام جمہوریت کے مالک ہیں اور ریاست کے وزیر اعلیٰ اور ملک کے وزیر اعظم کو منتخب کرنے کا حق رکھتے ہیں۔ اپنے ووٹ کا دانشمندی سے استعمال کریں۔
جن شکتی جنتا دل کے قومی صدر اور مہوا اسمبلی حلقہ سے امیدوار تیج پرتاپ یادو نے پٹنہ کے ایک پولنگ اسٹیشن پر اپنا ووٹ ڈالا۔ آر جے ڈی سپریمو لالو یادو کے بیٹے تیج پرتاپ اور سابق وزیر اعلیٰ رابڑی دیوی نے کہا، “بہار کے لوگوں کو اپنا ووٹ ضرور ڈالنا چاہیے۔ ہر ووٹ اہم ہے۔بی جے پی کے قومی وزیر رتوراج سنہا نے دیگھا اسمبلی حلقہ کے تحت پٹنہ کے کرجی کے لیولا اسکول کے بوتھ نمبر 301 پر آج اپنا ووٹ ڈالا۔ریاست بھر کے 18 اضلاع میں پہلے مرحلے کی ووٹنگ کے دوران کسی ناخوشگوار واقعہ کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ تمام پولنگ اسٹیشنز پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور ووٹنگ پرامن طریقے سے جاری ہے۔ بہار اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں جمعرات کو نوجوان رائے دہندوں کا جوش و خروش واضح تھا۔ کئی اضلاع میں پہلی بار ووٹ ڈالنے کے لیے آنے والے نوجوانوں نے ووٹنگ کو فخر، ذمہ داری اور بہتر مستقبل کی امید کا لمحہ قرار دیا۔
بہاراسمبلی انتخابات : پہلے مرحلے کی ووٹنگ جاری،11 بجے تک 27.65 فیصد پولنگ ریکارڈ