عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/امریکہ کی جانب سے ہندوستان پر زیادہ محصولات عائد کئے جانے کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان جاری کشیدگی کے دوران، صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے ہندوستان کے ساتھ تعلقات کو خاص قرار دینے اور وزیر اعظم نریندر مودی کو اچھا دوست کہنے والے بیان اور اس پر وزیر اعظم مودی کے مثبت جواب کے بعد، اس مسئلے کے حل کی امید بڑھ گئی ہے۔
جمعہ کے روز، اپنے پہلے دیے گئے بیان سے صرف بارہ گھنٹے کے اندر صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں ہندوستان کے ساتھ تعلقات کو ’’بہت خاص‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اور وزیر اعظم نریندر مودی ہمیشہ اچھے دوست رہیں گے۔ انہوں نے وزیر اعظم مودی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک عظیم وزیر اعظم ہیں۔ دونوں ملکوں کے تعلقات کے بارے میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ فکر کی کوئی بات نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی وزیر اعظم مودی کے ساتھ اچھی بنتی ہے۔
امریکی صدر نے یہ بھی کہا کہ وہ ہندوستان کی جانب سے روس سے تیل خریدے جانے پر ناراض ہیں، لیکن انہوں نے یہ بھی کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان کبھی کبھار اس طرح کی باتیں ہو جاتی ہیں۔وزیر اعظم مودی نے ہفتہ کو اس کے جواب میں بہت مثبت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وہ صدر ٹرمپ کے جذبات کی قدر کرتے ہیں۔
وزیر اعظم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’’ایکس‘‘پر لکھا،’’ہم صدر ٹرمپ کے جذبات اور ہمارے تعلقات کے مثبت تجزیے کی دل سے تعریف کرتے ہیں اور ان کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔‘‘ہندوستان اور امریکہ کے درمیان ایک بہت ہی مثبت اور دور اندیش جامع اور عالمی اسٹریٹجک شراکت داری ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل چین میں وزیر اعظم مودی، چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پوتن کی ملاقات کے بعد مسٹر ٹرمپ نے کہا تھا کہ ایسا لگتا ہے کہ ہم نے ہندوستان اور روس کو چین کے ہاتھوں کھو دیا ہے۔لیکن بارہ گھنٹے کے اندر ٹرمپ نے اپنا موقف بدلتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کے ساتھ تعلقات اہم ہیں اور ساتھ ہی وزیر اعظم نریندر مودی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ فکر کی کوئی بات نہیں ہے۔
ٹرمپ کے اس بیان اور اس پر وزیر اعظم مودی کے مثبت ردعمل سے دونوں ممالک کے درمیان ٹیرف معاملے کے جلد حل کی امید پیدا ہوگئی ہے۔واضح رہے کہ جمعہ کو یہاں ایک پریس کانفرنس میں ہندوستان، امریکہ تعلقات کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں مسٹر ٹرمپ کے ہندوستان، روس اور چین کے بارے میں دیئے گئے بیان کے تعلق سے وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان عالمی اسٹریٹجک شراکت داری ہے اور دونوں اس کے ایجنڈے پر قائم ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ تعلقات باہمی احترام اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر آگے بڑھتے رہیں گے۔
ٹرمپ کے رویے میں بڑی تبدیلی، کہا ہندوستان کے ساتھ تعلقات اہم، مودی اچھے دوست
