یو این آئی
سرینگر// جموں وکشمیر کی گرمائی راجدھانی سر نگر کے مائسمہ علاقے میں واقع بھیرو مندر میں 30سال کے بعد پوجا اور ہون کا اہتما م کیا گیا جس میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر کشمیری پنڈتوں نے کہاکہ وادی کے حالات بہتری کی جانب گامزن ہے اور بھائی چارہ مستقبل میں بھی اسی طرح قائم رہنا چاہئے ۔
اطلاعات کے مطابق سری نگر کے مائسمہ علاقے میں قدیم بھیرو مندر میں تیس سال کے بعد پوجا پاٹ اور ہون کااہتمام کیا گیا ۔
معلوم ہوا ہے کہ ہفتے کے روز کشمیری پنڈتوں کی ایک بڑی تعداد نے بھیرو مندر کوکھولا ، اس موقع پر رقعت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے۔
کشمیری پنڈتوں نے اس موقع پر نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کہا کہ مائسمہ میں واقع بھیرو مندر تین سے ساڑھے تین سو سال پرانا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 30برسوں کے بعد پہلی دفعہ یہاں پر پوجا اورہون کا اہتمام کیا گیا جس میں لوگوں نے بڑھ چڑھ کرحصہ لیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کشمیرکے حالات بہتری کی جانب گامزن ہے اور ہم دعا کرتے ہیں کہ کشمیری کی صدیوں پرانی بھائی چارے کی روایت مزید مضبوط و مستحکم ہو۔
خصوصی پوجا پاٹ اور ہون کے دوران امن و شانتی کے لئے بھی دعا کی گئی۔