عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر میں عمر عبداللہ حکومت کے ایک سال مکمل ہونے پر نائب وزیر اعلی سریندر چودھری نے کہا کہ ہمیں پانچ سال کا منڈیٹ ملا ہے اور اگلے الیکشن میں جانے سے پہلے ہمارے ایک ہاتھ میں منشور اور دوسرے میں ہمارے کاموں کا ثبوت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پوری کابینہ ایک ساتھ بیٹھ کر میڈیا کے سوالوں کے جواب دے گی۔نائب وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہاہمیں پانچ سال کا منڈیٹ ملا ہے اور پانچ سال کے بعد ہم آپ کے ایک ایک سوال کا جواب دیں گے، ہماری قیادت بیٹھے گی، کابینہ بیٹھے گی، ایک ہاتھ میں منشور اور دوسرے میں ہمارے کاموں کا ثبوت ہوگا۔
ان کا کہنا تھا ہم بی جے پی- پی ڈی پی اور ایل جی انتظامیہ کے نامکمل کاموں کے ساتھ اپنے کیے گئے کاموں کی فہرست پیش کریں گے۔ چودھری نے کہا کہ جب بھی ہم لیفٹیننٹ گورنر سے سوال کرتے ہیں تو لیڈر آف اپوزیشن سنیل شرما سامنے آجاتے ہیں۔انہوں نے کہاسنیل شرما راج بھون اور بی جے پی پی ڈی پی اتحاد کے ترجمان ہیں، ایک دن جو بیان سنیل شرما دیتے ہیں دوسرے دن وہی بیان محبوبہ مفتی دیتی ہے اور تیسرے دن سجاد لون صاحب اسی بیان کو دہراتے ہیں۔ان کا کہنا تھا چوتھے دن کوئی اور لیڈر آکر یہی باتیں کرتا ہے یہ تمام لوگ اس وقت ایک ساتھ تھے جب ریاست جموں و کشمیر کو یونین ٹیریٹری کا درجہ دیا گیا تھا۔ان کا مزید کہنا تھایہ لوگ پہلے بھی ایک ساتھ اور آج بھی ایک ساتھ ہیں۔
اگلے الیکشن سے پہلے ہمارے ایک ہاتھ میں منشور اور دوسرے میں ہمارے کاموں کا ثبوت ہوگا: سریندر چودھری
