عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/نیشنل کانفرنس کے ایک اہم تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کارکنان پر زور دیا کہ وہ عوامی رابطے کو مزید مضبوط کریں اور موجودہ سیاسی چیلنجوں کے درمیان پارٹی کی مضبوطی اور عوام کے مسائل کے حل کو اپنی اولین ترجیح بنائیں۔ انہوں نے مخالفین کے گمراہ کن پروپیگنڈے سے ہوشیار رہنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل کانفرنس اپنے کام اور عوامی خدمت کے ذریعے ہی جھوٹے بیانیوں کا مؤثر جواب دیتی رہے گی۔جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس وسطی کشمیر کے ایم ایل ایز، ضلع صدور اور دیگر تنظیمی عہدیداروں کا ایک اہم اور غیر معمولی اجلاس آج پارٹی ہیڈکوارٹر نوائے صبح کمپلیکس میں زیرِ صدارت پارٹی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ منعقد ہوا۔اجلاس کے دوران پارٹی امور، تنظیمی سرگرمیوں، موجودہ حالات و واقعات، عوامی مسائل، تعمیر و ترقی کی رفتار اور مستقبل کی حکمت عملی کے حوالے سے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے اپنے اپنے حلقوں میں درپیش عوامی مشکلات، اہم ترقیاتی پروجیکٹوں کی موجودہ صورتحال اور پارٹی سرگرمیوں سے متعلق تفصیلات بھی پیش کیں۔اس موقع پر صوبائی صدر ایڈووکیٹ شوکت احمد میر نے وسطی کشمیر میں جاری پارٹی پروگراموں، زمینی سطح پر تنظیم کی سرگرمیوں اور عوامی روابط کے حوالے سے اجلاس کو مفصل بریفنگ دی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کارکنان پر زور دیا کہ وہ پارٹی کی مضبوطی اور عوامی خدمت کو اپنی اولین ترجیح بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کی طاقت ہمیشہ عوام کے تعاون اور اعتماد سے پروان چڑھی ہے اور یہی وجہ ہے کہ پارٹی نے ہمیشہ عوام کو ہی اصل مرکزیت دی ہے۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ پارٹی کی مضبوطی میں ہی تینوں خطوں—جموں، کشمیر اور لداخ—کے جذبات، مفادات اور حقوق کی ترجمانی ممکن ہے، اور اسی مضبوطی کے سہارے سلب شدہ حقوق کی بحالی کی جدوجہد بھی آگے بڑھائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کارکنان سے کہا کہ پارٹی کو مقدم رکھ کر اس کی آبیاری کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔اپنے خطاب میں انہوں نے مخالف جماعتوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے عوام کو خبردار کیا کہ وہ گمراہ کن بیانیوں، جھوٹے پروپیگنڈے اور افواہوں کے جھانسے میں نہ آئیں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس اپنے کام اور عوامی خدمت کے ذریعے ہی مخالفین کی جھوٹی مہم کا منہ توڑ جواب دے گی۔
گمراہ کن پروپیگنڈے سے ہوشیار رہیں : فاروق عبداللہ