ویب ڈیسک
جموں// بسوہلی پشمینہ کو باوقار جیوگرافیکل انڈیکیشن (جی آئی) ٹیگ دیا گیا ہے، جس کے بعدبسوہلی پشمینہ بسوہلی پینٹنگز اور راجوری چکری ووڈ کی فہرست میں شامل ہو گئی۔ یہ پیشرفت محکمہ، نابارڈ جموں اور ہیومن ویلفیئر ایسوسی ایشن وارانسی کے درمیان مشترکہ کوششوں سے انجام دی گئی۔
بسوہلی پشمینہ، جموں صوبہ کے ضلع کٹھوعہ کے بسوہلی علاقے میں بنائی جاتی ہے، صدیوں پرانی روایتی دستکاری اپنی غیر معمولی خصوصیات کے لیے پہچانی جاتی ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ محکمہ صنعت و تجارت کے کمشنر سکریٹری وکرم جیت سنگھ اور دستکاری اور ہینڈ لوم جموں کے ڈائرکٹر ڈاکٹر وکاس گپتا کی قیادت میں ڈائریکٹوریٹ آف ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈ لوم جموں نے بسوہلی پشمینہ کے پرانے ہنر کو از سر نو زندہ کرنے کے مشن کا آغاز کیا۔
اُنہوں نے بتایا کہ اس میں جی آئی ٹیگ کو محفوظ کرنا، بسوہلی پشمینہ دستکاروں کی مدد کے لیے مشترکہ سہولتی مراکز کا قیام، رجسٹرڈ پشمینہ دستکاروں اور کوآپریٹو سوسائٹیز کے نیٹ ورک کو وسعت دینا، کاریگروں کے کلسٹرز کو تیار کرنا، اور ان باصلاحیت کاریگروں کو مختلف محکمانہ سکیموں تک رسائی فراہم کرنا شامل ہے۔