اودھم پور// جموں و کشمیر پولیس نے اتوار کو اودھم پور ضلع میں غیر قانونی طور پر رہائش پذیر برما کے ایک شہری کو گرفتار کر کے سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ پولیس تھانہ اودھم پور کو معتبر ذرائع سے اطلاع ملی کہ برما کا ایک شہری محمد شاہ جلال ولد کمال الدین سکنہ موری پاڈا یوکیاتانہ ضلع کاکڑ بازار برما بین الاقوامی سرحد پار سے پاسپورٹ یا کسی قانونی اجازت کے بغیر بھارت میں داخل ہوا اور اس وقت گاؤں کلر تحصیل اور ضلع ادھم پور میں مقیم ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس اطلاع پر معلوم ہوا کہ مذکورہ شخص نے ملکی قوانین کا ارتکاب کیا ہے، اس سلسلے میں ایک مقدمہ ایف آئی آر نمبر 33/2023 پولیس سٹیشن اودھم پور فارنرز ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت درج کیا گیا۔
پولیس ذرائع نے مزید بتایا کہ دوران تفتیش پولیس نے کرلائی کانگلو (کلر) ادھم پور میں جائے وقوعہ کا دورہ کیا، مذکورہ ملزم کو گرفتار کیا اور پوچھ گچھ کے دوران اس نے انکشاف کیا کہ وہ وید پرکش ولد لودر مانی کے گھر مکان نمبر 177 کرلائی کنگلو ادھم پور ایک ماہ سے کرایہ دار کے طور پر مقیم ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مذکورہ ملزم کے انکشاف پر ایک الگ ایف آئی آر نمبر۔ 40/2024 زیر دفعہ 188 IPC مکان کے مالک وید پرکاش کے خلاف درج کیا گیا۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ مکان مالک وید پرکاش نے بغیر کسی تصدیق کے برما کے ایک شہری کو مکان کرائے پر دیا ہے، جو متعدد قوانین کی جان بوجھ کر خلاف ورزی ہے۔
پولیس ذرائع نے مزید بتایا کہ دونوں مقدمات کے سلسلے میں مزید تفتیش جاری ہے۔
اودھم پور میں مقیم برما کا شہری گرفتار، مکان مالک کے خلاف مقدمہ درج
