فیاض بخاری
بارہمولہ // سماج کو منشیات کی لعنت سے پاک کرنے کی مسلسل کوششوں کے دوران پولیس نے ٹنگمرگ علاقے میں تین منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے ممنوعہ نشہ آور مادہ برآمد کیا ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق، تھانہ ٹنگمرگ کی ایک ٹیم نے ایس ایچ او ٹنگمرگ کی قیادت میں ڈرنگ کراسنگ پر قائم ایک ناکے کے دوران گاڑیوں اور افراد کی تلاشی لی۔ اس دوران تین افراد کو روکا گیا جن کی شناخت الطاف احمد حجام ولد محمد عبداللہ حجام، سہیل احمد لون ولد محمد مقبول لون اور مدثر احمد لون ولد غلام نبی لون، ساکنان وانلو حاجی بل ٹنگمرگ کے طور پر ہوئی۔
پولیس کے مطابق، ان افراد کے قبضے سے براؤن شوگر نما مشتبہ نشہ آور مادہ برآمد کیا گیا۔ ملزمان کو موقع پر ہی گرفتار کرکے تھانہ ٹنگمرگ منتقل کیا گیا جہاں وہ زیرِ حراست ہیں۔
پولیس نے اس سلسلے میں ایف آئی آر نمبر 67/2025 زیرِ دفعات 8/21-29 این ڈی پی ایس ایکٹ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔