عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر پولیس نے بارہمولہ میں ایک مقامی انجمن ادارہ فلاحُ الدارَین کے خلاف مبینہ غیر قانونی سرگرمیوں کی اطلاعات موصول ہونے کے بعد باضابطہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں پولیس تھانہ بارہمولہ میں ایف آئی آر نمبر 208/2025 متعلقہ دفعات کے تحت درج کی گئی ہے۔پولیس کے مطابق ابتدائی معلومات میں انجمن کی بعض سرگرمیوں پر سنگین شبہات ظاہر کیے گئے تھے، جس کے بعد تحقیقات کو آگے بڑھاتے ہوئے کئی مربوط چھاپے مختلف مقامات پر مارے گئے۔ یہ چھاپے ان جگہوں اور اثاثوں پر کیے گئے جو تنظیم سے منسلک بتائے جا رہے ہیں۔
تحقیقات کے دوران تنظیم کے کئی عہدیداران اور وابستہ افراد سے پوچھ گچھ بھی کی گئی تاکہ مبینہ سرگرمیوں کی نوعیت اور پھیلاؤ کا مکمل پتہ چل سکے۔پولیس نے بتایا کہ تحقیقات ابھی جاری ہیں اور جیسے ہی شواہد اور حقائق سامنے آئیں گے، قانون کے مطابق مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ پولیس نے واضح کیا کہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور معاملے کو سنجیدگی سے آگے بڑھایا جا رہا ہے۔
بارہمولہ میں مقامی انجمن کی مبینہ غیر قانونی سرگرمیوں کی پاداش میں ایف آئی آر درج