عظمیٰ ویب ڈیسک
بارہمولہ/بارہمولہ پولیس نے آج ایک نئی سیفٹی ایپ لانچ کی ہے جس کا مقصد سماج کے کمزور اور حساس طبقوں کی حفاظت اور سیکورٹی کو یقینی بنانا ہے۔ان کمزور طبقوں میں اقلیتی برادریوں کے افراد، پی ایم پیکیج ملازمین، سیاست دان، ملی ٹینسی کے متاثرہ خاندان اور جموں و کشمیر کے باہر سے آئے ہوئے مزدور شامل ہیں جو بارہمولہ ضلع میں مختلف مقامات پر کام کر رہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر بارہمولہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے اس ایپ کو اپنی نوعیت کی ایک انقلابی پیش رفت قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ اگر کسی بھی شخص کو خطرہ محسوس ہو اور وہ ایپ میں موجود ’’ایس او ایس‘‘بٹن دبائے، تو فوری طور پر پولیس کے ڈیش بورڈ پر الرٹ ظاہر ہوگا اور مدد دو منٹ کے اندر متاثرہ شخص تک پہنچ جائے گی۔
ایس ایس پی بارہمولہ کے مطابق اب تک 6,000 افراد اس ایپ میں رجسٹر ہو چکے ہیں اور یہ تعداد مزید بڑھنے کی توقع ہے۔رجسٹر شدہ افراد میں 42 عیسائی، 132 بدھ مت کے پیروکار، 2,258 ہندو، 2 جین، 2,232 مسلمان، 609 کشمیری پنڈت مہاجرین، 416 غیر کشمیری سرکاری و نیم سرکاری ملازمین، 19 غیر پنڈت اقلیتی مہاجرین، 133 محفوظ افراد، 538 غیر کشمیری نجی یا پرائمری سیکٹر کے ملازمین، 566 غیر پنڈت غیر مہاجر سکھ، اور 223 دہشت گردی کے متاثرہ خاندان شامل ہیں۔
بارہمولہ پولیس نے کمزور طبقوں کے تحفظ کے لیے سیفٹی ایپ لانچ کی