جموں// مرکزی وزیر برائے شاہراہ و ٹرانسپورٹ نتن گڈکری نے اعلان کیا ہے کہ رام بن-بانہال سیکشن پر این ایچ-44 کے تحت بانہال قصبے کے لیے تعمیر کیا گیا 2.35 کلومیٹر طویل فو لائن بائی پاس آئندہ 15 دنوں میں مکمل طور پر ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا۔
اُنہوں نے بتایا کہ یہ منصوبہ 224.44 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے، جس میں 1,513 میٹر پر محیط چار وایاڈکٹس اور تین کلورٹس شامل ہیں۔ اس بائی پاس کا مقصد سڑک کنارے بازاروں اور دکانوں کی وجہ سے پیدا ہونے والے دیرینہ ٹریفک مسائل کو حل کرنا ہے۔
نتن گڈکری نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (پہلے ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ابتدا میں ٹریفک کو دو لائنوں پر چلایا جائے گا، جبکہ جنکشن ڈولپمنٹ مکمل ہونے کے بعد چار لائنوں پر ٹریفک بحال کر دی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا، “یہ اہم انفراسٹرکچر نہ صرف خطے کی رابطے کو بہتر بنائے گا بلکہ قومی سلامتی کی لاجسٹکس کو بھی مضبوط کرے گا اور جموں و کشمیر میں سیاحت کے امکانات کو فروغ دے گا”۔
نتن گڈکری نے وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ خطے کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا اور جموں و کشمیر کو ایک نمایاں سیاحتی مقام کے طور پر فروغ دے گا۔
انہوں نے اپنے پیغام میں ہیش ٹیگ #PragatiKaHighway اور #GatiShakti کا بھی استعمال کیا۔
بانہال بائی پاس 15 دن میں ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے گا: نتن گڈکری
