عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں وکشمیر پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں کالعدم تنظیم جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ (جے کے ایل ایف) کے سربراہ محمد یاسین ملک اور دیگر علاحدگی پسند رہنماؤں کی سوشل میڈیا پر تعریف کرنے پر ایک نوجوان کو گرفتار کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ معمول کی سائبر نگرانی اور گشت کے دوران سوشل میڈیا کے منفی ہینڈل چلانے والے ایک نوجوان کی شناخت ملی ٹنسی اور انتہا پسندانہ نظریات کو فروغ دینے والا مواد پوسٹ کرنے کے لیے کی گئی۔
مذکورہ نوجوان کی شناخت سجاد نصیر بٹ عرف ساحل ولد نصیر احمد بٹ ساکن نائد کھائی سمبل کے طور پر کی گئی ہے۔انہوں نے کہا: ‘اس نوجوان نے جان بوجھ کر جے کے ایل ایف کے سربراہ محمد یاسین ملک اور دیگر کی تصاویر اپنے سوشل میڈیا ہینڈل پر اپ لوڈ کی تھیں تاکہ امن و امان کو خراب کیا جا سکے’۔
موصوف ترجمان نے کہا کہ مذکورہ نوجوان کو گرفتار کر لیا گیا اور پولیس اسٹیشن سمبل میں بی این ایس کے متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج کیا گیا اور مزید تحقیقات شروع کی گئیں۔انہوں نے کہا کہ بانڈی پورہ پولیس شدت پسندانہ مواد پھیلانے، تشدد بھڑکانے یا امن عامہ کو درہم برہم کرنے کی کوشش کرنے والے افراد کی شناخت کے لیے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی فعال طور پر نگرانی کر رہی ہے۔ان کا بیان میں مزید کہنا ہے: ‘دہشت گردی کو بڑھاوا دینے، علیحدگی پسندانہ نظریات کو فروغ دینے یا ملکی سالمیت کے خلاف غلط معلومات پھیلانے کی کسی بھی کوشش سے قانون کے تحت سختی سے نمٹا جائے گاـ
بانڈی پورہ میں سوشل میڈیا پر یاسین ملک کی تعریف کرنے والا نوجوان گرفتار:پولیس
