عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// حریت کانفرنس کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے وادی کشمیر میں آن لائن جوئے کے بڑھتے ہوئے رجحان پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ آن لائن جوئے کی موبائل ایپس پر فوری پابندی عائد کی جائے۔
انہوں نے جمعہ کے روز تاریخی جامع مسجد سرینگر میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ جوئے کی موبائل ایپس مختلف کھیلوں جیسے کرکٹ اور فٹبال کی آڑ میں نوجوانوں کو اپنی گرفت میں لے رہی ہیں۔
میر واعظ نے کہا، “منشیات کی لت جیسے بحران سے نمٹنا پہلے ہی ایک المیہ ہے، اور اب ایک اور برائی ہماری معاشرت میں جڑ پکڑ رہی ہے”۔
میر واعظ نے الزام عائد کیا کہ جلد دولت کمانے کی لالچ میں سینکڑوں نوجوان ان جوئے کی ایپس (dream11dotcom، my11circledotcom وغیرہ) کا شکار ہو رہے ہیں، جس کے نتیجے میں کئی خاندان اپنے گھروں اور جائیدادوں کو بیچنے پر مجبور ہو گئے ہیں تاکہ نوجوانوں کی طرف سے کیے گئے بھاری قرضے ادا کر سکیں۔
میر واعظ نے حکومت سے فیصلہ کن کاروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی کئی ریاستوں جیسے تلنگانہ، آسام، اوڈیشہ، آندھرا پردیش، سکم اور ناگالینڈ نے ان جوئے کی ایپس پر پہلے ہی پابندی عائد کر رکھی ہے۔
انہوں نے کہا، “ہم جموں و کشمیر حکومت سے اپیل کرتے ہیں کہ ان ایپس پر فوری پابندی عائد کر کے اپنے نوجوانوں اور معاشرت کو مزید نقصان سے بچائیں”۔
انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر میں 40 فیصد کی بلند شرح بے روزگاری بھی اس مسئلے کو بڑھاوا دے رہی ہے، جو نوجوانوں کو مجبوری میں آن لائن جوئے جیسے خطرناک راستے کی طرف دھکیل رہی ہے۔
انہوں نے کہا، “ہمارے نوجوانوں کو مثبت مواقع کی ضرورت ہے، نہ کہ ایسے نقصان دہ رجحانات کی، جو ان کی مالی حالت کو خراب اور ان کے مستقبل کو برباد کر دیں”۔
میر واعظ نے کہا کہ جہاں ہماری کمیونٹی کے علما اور ائمہ مساجد میں اہم مسائل پر روشنی ڈالتے رہیں گے، وہیں والدین کو بھی چوکنا رہنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا، “ہمیں اپنی ٹیکنالوجی کے استعمال کے بارے میں بھی محتاط رہنا چاہیے، کیونکہ سوشل میڈیا اور اسکرین پر ضائع ہونے والے گھنٹے ہماری بامقصد زندگیوں سے چھینے گئے گھنٹے ہیں”۔
انہوں نے تمام کمیونٹی ممبران سے اپیل کی کہ وہ ان خطرات کو پہچانیں اور اپنے معاشرے اور نوجوانوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے اجتماعی طور پر کام کریں۔