عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/بی جے پی کے لیڈر آف اپوزیشن سنیل شرما نے وزارت داخلہ کی طرف سے عوامی ایکشن کمیٹی اور اتحاد المسلین پر پابندی عائد کرنے کو ایک خوش آئند قدم قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان جماعتوں پر یہ پابندی پوری جانچ کے بعد غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ (یو اے پی اے ) کے تحت لگا دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ مرکزی حکومت نے میر واعظ عمر فاروق کی قیادت والی عوامی ایکشن کمیٹی اور مولانا مسرور عباس انصاری کی قیادت میں چلنے والی اتحاد المسلمین پر غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ 1967 کے تحت پانچ سال کی پابندی عائد کر دی۔
موصوف لیڈر نے بدھ کے روز ان پابندیوں کے بارے میں پوچھے جانے والے ایک سوال کے جواب میں میڈیا کو بتایاپوری جانچ کے بعد ان جماعتوں پر یہ پابندی یو اے پی اے کے تحت لگادی گئی جو ایک خوش آئند بات ہے۔انہوں نے کہابھارت سرکار کسی بھی قیمت پر قانون مخالف جماعتوں کو اجازت نہیں دے گی اور جو جماعت ملک کو چلینج کرے گی اس پر پابندی لگا دی جائے گی۔
محبوبہ مفتی کے اس پابندی کے متعلق ایک بیان کے بارے میں سنیل شرما نے کہاپی ڈی پی کی بنیاد علاحدگی پسندی سے جڑی ہوئی ہے جب حکومت ایسی جماعتوں پر پابندی لگا دیتی ہے تو محبوبہ مفتی کا درد ٹویٹ کی صورت میں یا زبانی سامنے آجاتا ہے۔انہوں نے کہایہاں کوئی کچھ بھی بولے لیکن ملک قانون کے مطابق چلے گا۔
عوامی ایکشن کمیٹی اور اتحاد المسلین پر پابندی پوری جانچ کے بعد لگا دی گئی:سنیل شرما
