عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/ملی ٹینٹوںکی جانب سے سم کارڈ کے غلط استعمال پر قابو پانے کے لیے اونتی پورہ پولیس نے پیر کے روز بڑے پیمانے پر ضلع گیر کریک ڈاؤن شروع کیا، جس کا مقصد ٹیلی کام محکمے کی ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانا ہے۔پولیس کے مطابق ضلع بھر میں مختلف مقامات پر پولیس ٹیموں نے بیک وقت کارروائیاں انجام دیں اور سم کارڈ فروخت کرنے والے دکانداروں کے لائسنس، کے وائی سی ریکارڈز اور دیگر دستاویزات کی جانچ پڑتال کی۔ اس دوران تمام فروخت کنندگان کو ہدایت دی گئی کہ وہ سم کارڈ جاری کرنے کے ضوابط پر سختی سے عمل کریں، بصورت دیگر ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ایک پولیس افسر نے بتایا کہ سم کارڈ کے غلط استعمال سے کئی سنگین نوعیت کے جرائم، بالخصوص دہشت گردانہ سرگرمیوں کو فروغ ملتا ہے۔ اس لیے یہ یقینی بنانا ضروری ہے کہ سم کارڈ صرف مستند اور تصدیق شدہ افراد کو ہی جاری کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ ضلع میں جاری یہ خصوصی مہم عوامی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے ہے اور کسی بھی طرح کی لاپرواہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔پولیس نے مزید بتایا کہ آئندہ دنوں میں بھی اسی طرح کی چیکنگ اور تفتیشی کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی تاکہ اونتی پورہ میں ایک محفوظ، شفاف اور ضابطہ بند مواصلاتی نظام قائم رکھا جا سکے۔
اونتی پورہ پولیس کا غیر قانونی سم کارڈ نیٹ ورک کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن