عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/پولیس اسٹیشن ترال نے تیز کارروائی کرتے ہوئے دو افراد کو گرفتار کیا ہے جو خود کو قانون نافذ کرنے والے افسر ظاہر کرکے عوام سے دھوکہ دہی کے ذریعے پینسے بٹور رہے تھے۔ ان کی گرفتاری ایک شہری، محمد الطاف گنائی ولد محمد رمضان گنائی ساکن ناگین پورہ ترال کی شکایت پر عمل میں آئی۔
ملزمان بشیر احمد شیخ ولد محمد جمال شیخ ساکن سائموہ اور محمد شفیع ڈار ولد غلام نبی ڈار ساکن دادسرا معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہے تھے۔ وہ جھوٹا پولیس اختیار جتاتے ہوئے مختلف بہانوں سے لوگوں سے پیسے وصول کر رہے تھے۔
ان کی مجرمانہ سرگرمیاں اس وقت بے نقاب ہوئیں جب متعدد متاثرین نے پولیس کو شکایت کی کہ انہیں قانونی کاروائی کے خوف میں مبتلا کر کے پیسہ دینے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔
اس شکایت پر پولیس ترال نے مقدمہ درج کرکے ایف آئی آر نمبر 31/2025 کے تحت متعلقہ دفعات کے تحت کارروائی کی اور دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
دونوں افراد اس وقت پولیس حراست میں ہیں اور ان پر کئی الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
اس موقع پر پولیس عوام سے اپیل کرتی ہے کہ وہ ہوشیار رہیں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوراً اطلاع پولیس کو دیں۔ یاد رکھیں کہ حقیقی پولیس افسران کسی بھی صورت میں عوام سے رقم کا مطالبہ نہیں کرتے۔
عوام سے گزارش ہے کہ کسی بھی فرد کے پولیس افسر ہونے کی تصدیق ضرور کریں اور مشکوک رویے کی اطلاع قریبی پولیس اسٹیشن یا آفیشل ہیلپ لائن پر دیں۔