گریز؛کشن گنگا ندی میں برفانی تودہ گرآیا،پانی کی سپلائی متاثر

File Photo

بانڈی پورہ//گریز کے تلیل علاقے میں برفانی تودہ کشن گنگا ندی میں گرآیا، جس کی وجہ سے ندی بلاک ہو کر رہ گئی اور پانی کی سپلائی متاثر ہوئی وہیں تودے سے دو گاوں بھی متاثر ہوئے۔
سرکاری زرائع نے بتایا کہ برفانی تودے وزرتھل اور نیرو گاؤں سے ٹکرا گئے، جس سے پانی کا بہاؤ بند ہو گیا۔ تاہم حکام کے مطابق گوگراں تلیل میں برفانی تودہ گرنے سے کئی بستیوں کو پانی کی فراہمی میں خلل پڑا۔
عہدیدار نے بتایا کہ ٹیمیں پہلے ہی خطے میں بھیج دی گئی ہیں جو مزید معلومات کے لیے صورتحال کا جائزہ لے رہی ہیں۔
اہلکار نے کہا کہ جب تک موسم بہتر نہیں ہوتا، انتظامیہ نے عام آبادی سے احتیاط برتنے اور کشن گنگا ندی، پہاڑوں یا برفانی تودے کے شکار مقامات کے قریب جانے سے گریز کرنے کی درخواست کی ہے۔
اس دوران ڈی ڈی سی تلیل اعجاز راجہ نے انتظامیہ سے بحالی کے کاموں کو تیز کرنے کی درخواست کی تاکہ پانی کی سپلائی جلد از جلد بحال ہو سکے۔
راجہ نے کہا کہ گوگراں میں برفانی تودہ گرنے سے پانی کی سپلائی کو نقصان پہنچا ہے جس سے کم از کم 200خاندان متاثر ہوئے ہیں۔