سری نگر// سری نگر کے حبہ کدل علاقے میں گدود باغ اور اس کے ملحقہ علاقوں کے رہائشی گزشتہ روز سے تاریکی میں رہنے پر مجبور ہیں ، کیونکہ سمارٹ میٹروں کی تنصیب کے خلاف مقامی لوگوں کے اعتراض کے بعد محکمہ بجلی نے علاقے میں بجلی سپلائی بند کر دی ہے۔
خبر رساں ایجنسی کشمیر نیوز آبزرور ( کے این او) نے مقامی لوگوں کے حوالے سے بتایا کہ انہوں نے گزشتہ روز اس وقت احتجاج کیا تھا جب متعلقہ محکمہ کے اہلکار سمارٹ میٹر لگانے کے لیے علاقے میں پہنچے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ تاہم سمارٹ میٹروں کی تنصیب پرلوگوں کے اعتراض اور احتجاج کے بعد رات 2 بجے کے قریب ان کے گھروں کی بجلی منقطع کر دی گئی۔
انہوں نے کہا، “اس کے بعد سے ہمیں بجلی نہیں ملی۔ یہ محکمہ کی جانب سے ہمارے ساتھ سراسر زیادتی ہے”۔
دریں اثنا، چیف انجینئر کشمیر پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن لمیٹڈ (کے پی ڈی سی ایل)، جاوید یوسف ڈار نے کے این او کو بتایا کہ علاقے میں بجلی منقطع کر دی گئی ہے کیونکہ رہائشیوں نے سمارٹ میٹروں کی تنصیب پر اعتراض کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں اعلیٰ حکام کی جانب سے حکم نامہ موصول ہو چکا ہے۔
سمارٹ میٹروں کی تنصیف پر اعتراض کا شاخسانہ؛ محکمہ نے حبہ کدل میں بجلی سپلائی بند کر دی
