سری نگر میں سکول کے قریب کھولی گئی شراب کی دکان سربمہر

Mazar Khan
2 Min Read

سری نگر//حکام نے آج سرینگر شہر کے سونوار علاقے میں ایک سکول کے قریب قوانین کی خلاف ورزی پر شراب کی ایک دکان کو سیل کر دیا ہے۔ مقامی لوگوں نے حکام کے اس اقدام کی ستائش کی ہے۔
پولیس زرائع نے بتایا کہ شراب کی یہ دکان ایک کیندریہ ودیالیہ کے سامنے تھی اور اسے بادامی باغ کنٹونمنٹ (بی بی سی) بورڈ کی اجازت کے بغیر کام کرتے ہوئے پایا گیا ۔
بی بی سی بورڈ کے سی ای او جان وکاس نے کہا،ــ”ہمیں (شراب کی دکان کے بارے میں) کل (جمعہ) کو مطلع کیا گیا تھا اور ہم نے اسے کل ہی سیل کر دیا تھاـ”۔
انہوں نے کہا کہ شراب کی دوکان یہاں کھولنے کیلئے کنٹونمنٹ بورڈ سے اجازت نہیں لی گئی تھی۔
وکاس نے کہا کہ آیا مالک کے پاس دکان چلانے کا لائسنس ہو یا نہ ہو، بورڈ سکول کے قریب شراب کی دکان کو چلانے کی اجازت نہیں دے گا۔
سی ای او نے کہا،”ظاہر ہے، ہم اس کی اجازت نہیں دیں گے لیکن اسے اس این او سی کے لیے کنٹونمنٹ بورڈ سے درخواست دینی چاہیے تھی۔ لہذا، اسے سیل کر دیا گیا ہے “۔
وکاس نے کہا کہ بورڈ مالک کے خلاف قانونی کارروائی پر بھی غور کر رہا ہے اور اُنہیں جرمانہ بھی کیا جا سکتا ہے۔
مقامی لوگوں نے بورڈ کے اس اقدام کو سراہا ہے۔
ایک مقامی شہری نے کہا،”دوکان سکول کے قریب تھی۔ اسے چلانے کی اجازت کیسے دی جا سکتی ہے؟ لہذا، ہم نے بورڈ کو اس کے بارے میں مطلع کیا اور انہوں نے بہت تیزی سے کام کیا اور دوکان کو سربمہر کر دیا”۔
انہوں نے کہا کہ علاقے کے مکین خوش ہیں کہ بی بی سی بورڈ کے سی ای او نے لوگوں کی شکایت پر کارروائی کی اور دکان کو فوری طور پر سیل کر دیا ۔

Share This Article