عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// جموں و کشمیر اپنی پارٹی کے صدر الطاف بخاری نے اتوار کے روز پہلگام تک 77.5 کلومیٹر طویل اننت ناگ-بجبہاڑا-پہلگام ریلوے لائن کے مجوزہ منصوبے پر عوامی بے چینی کو اجاگر کرتے ہوئے حکام سے متعلقہ فریقین کے ساتھ مذاکرات کی اپیل کی ہے۔
اس منصوبے کے خلاف کسانوں سمیت مقامی لوگوں نے شدید اعتراضات اٹھائے ہیں، کیونکہ اس سے زرخیز زرعی زمین، باغات اور کھیتوں کے نقصان کا اندیشہ ہے۔ فائنل لوکیشن سروے (ایف ایل ایس) کے ٹینڈر کے اجرا کے بعد علاقے میں احتجاج شروع ہو چکے ہیں۔
الطاف بخاری نے ایک شفاف حکمت عملی پر زور دیتے ہوئے کہا، “پہلگام تک ریلوے لائن کے لیے عوام کی طرف سے کبھی کوئی مطالبہ نہیں کیا گیا۔ حکام کو کوئی بھی فیصلہ مسلط کرنے کے بجائے تمام متعلقہ فریقین کے ساتھ بات چیت کرنی چاہیے”۔
مقامی ماہرین نے بھی اس منصوبے کے ماحولیاتی اثرات پر تشویش کا اظہار کیا ہے، کیونکہ مجوزہ ریلوے لائن زرعی اراضی اور جنگلاتی علاقوں سے گزرے گی، جس سے ماحول پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔