عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// جموں و کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں حکام نے منگل کو سرکاری اساتذہ کی نجی ٹیوشن پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کا انتباہ دیا ہے۔
چیف ایجوکیشن آفیسر (سی ای او)، اننت ناگ کی جانب سے جاری کردہ ایک سرکلر میں کہا گیا ہے، “محکمہ سکولی تعلیم کی جانب سے وقتاً فوقتاً جاری کی گئی ہدایات اور اس دفتر کی واضح ہدایات کے مطابق، تمام لیکچررز، ماسٹرز اور اساتذہ کو ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ کسی بھی نجی ٹیوشن یا نجی ادارے یا کوچنگ سینٹر میں ملازمت سے باز رہیں”۔
سرکلر میں مزید کہا گیا کہ تمام ڈی ڈی اوز اور ادارہ جاتی سربراہان سے کہا گیا ہے کہ وہ اس بات کی تصدیق کریں کہ کوئی لیکچرر، ماسٹر یا استاد نجی ٹیوشن یا کوچنگ میں غیر قانونی طور پر ملوث نہ ہو۔
سرکلر میں خبردار کیا گیا ہے کہ “اگر کسی تدریسی عملے کو ہدایات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پایا گیا تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، کیونکہ یہ جموں و کشمیر ایمپلائیز سروس کنڈکٹ رولز 1971 کی سنگین خلاف ورزی ہے”۔
سی ای او نے مزید کہا کہ زونل سطح پر تشکیل دی گئی مانیٹرنگ کمیٹیوں کو سخت نگرانی کرنے اور کسی بھی خلاف ورزی کی فوری طور پر رپورٹ اس دفتر میں پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
سرکلر میں خبردار کیا گیا کہ “کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کی صورت میں ضابطے کے مطابق تادیبی کارروائی کی جائے گی”۔