عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/حالیہ حملے کے بعد جب وادی کشمیر میں سیاحتی سرگرمیاں متاثر ہونے لگی ہیں، بالی ووڈ کے معروف اداکار اتل کلکرنی نے پہلگام پہنچ کر سیاحوں کو اعتماد دلانے کی ایک مخلصانہ کوشش کی ہے۔پہلگام دورے کے دوران معروف ادکار نے کہاکہ کشمیر محفوظ ہے اور ملک بھر کے لوگوں کو چاہئے کہ وہ اپنی سیاحتی بکنگ منسوخ نہ کریں۔
اتل کلکرنی، جو بالی ووڈ کی متعدد سپر ہٹ فلموں میں اپنے جاندار کرداروں کے لیے جانے جاتے ہیں، نے پہلگام میں مقامی لوگوں سے ملاقات کی، قدرتی مناظر کا لطف اٹھایا اور اپنی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کر کے وادی کے محفوظ ہونے کا پیغام دنیا تک پہنچایا۔
انہوں نے کہا، ’میں نے سوشل میڈیا پر لمبی لمبی پوسٹس لکھنے کے بجائے یہاں آ کر خود حقیقت دیکھنے کا فیصلہ کیا تاکہ اپنے ہم وطنوں کو یہ یقین دلا سکوں کہ کشمیر آج بھی اتنا ہی خوبصورت اور محفوظ ہے۔‘اداکار نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’دہشت گردوں کا مقصد یہی تھا کہ لوگ خوفزدہ ہو کر یہاں نہ آئیں، مگر ہمیں ان کے ارادوں کو ناکام بنانا ہے۔ کشمیر ہمارا ہے اور ہمیں یہاں ضرور آنا چاہیے۔‘
کلکرنی نے بتایا کہ انہیں مقامی لوگوں میں اس سانحے پر شدید غم اور سوگ دیکھنے کو ملا۔ انہوں نے کہا، ’کشمیری بھائی دل سے غمزدہ ہیں۔ ان کی آنکھوں میں آنسو ہیں۔ جب میں ممبئی واپس جاؤں گا، تو محفوظ کشمیراور ملی ٹینسی کی شکست کا پیغام لے کر جاؤں گا۔‘انہوں نے کہا کہ ہوٹلوں اور ٹور آپریٹروں نے بکنگز کی 90 فیصد منسوخی کی اطلاع دی ہے۔ اتل کلکرنی نے اپیل کرتے ہوئے کہا، ’برائے مہربانی اپنی بکنگ منسوخ نہ کریں۔ کشمیر آئیے، یہاں آپ محفوظ ہیں۔ انتظامیہ چوکنا ہے اور مکمل تیاری کے ساتھ آپ کے استقبال کے لیے موجود ہے۔‘
اداکار کا یہ مثبت قدم کشمیری معیشت اور امن کی بحالی کی جانب ایک امید افزا پیغام کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔واضح رہے کہ 22 اپریل کو پہلگام کے بیسرن علاقے میں پیش آئے دہشت گردانہ حملے میں 25 سیاح اور ایک مقامی شہری جاں بحق ہو گئے تھے۔ اس اندوہناک واقعے کے بعد وادی میں سیاحوں کی جانب سے بڑی تعداد میں بکنگ منسوخ ہونے لگی، جس سے سیاحت کی صنعت کو شدید دھچکا لگا ہے۔
پہلگام سانحہ: دہشت گردوں کا مقصد خوف پھیلانا تھا، مگر ہمیں کشمیر آ کر ان کے ارادے ناکام بنانے ہیں: اتل کلکرنی
