عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو کہا کہ ہندوستان پہلگام کے مہلک حملے میں ملوث ہر ملی ٹینٹ اور ان کے سہولت کاروں کی شناخت کرے گا، ان کا پیچھا کرے گا اور انہیں سزا دے گا۔ اس حملے میں 26 شہری جاں بحق اور کئی زخمی ہوئے تھے۔
بہار میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے، وزیر اعظم مودی نےملی ٹینٹوں کا زمین کے آخری کونے تک پیچھا کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ انہوں نے کہاہندوستان اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھے گا جب تک اس حملے کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں نہ لایا جائے۔ ہندوستان ہر ملی ٹینٹ اور ان کے پشت پناہوں کی شناخت کرے گا، ان کا پیچھا کرے گا اور انہیں سزا دے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ حملہ صرف شہریوں پر حملہ نہیں بلکہ ملک کی روح پر وار ہے۔ یہ حملہ نہتے سیاحوں پر نہیں بلکہ ملک کی روح پر حملہ ہے۔وزیر اعظم نے یہ بھی یقین دہانی کرائی کہ حکومت زخمیوں کو طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ ہم کوشش کر رہے ہیں کہ زخمیوں کو بہترین علاج فراہم کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اس واقعے نے پورے ملک میں گہرا غصہ پیدا کیا ہے۔ پورا ملک کشمیر کے اس واقعے پر غم و غصے میں ہے۔ پورے بھارت کے لوگ ان مہلوکین کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ یہ درد سب کا ہے۔
کسی ملک کا نام لیے بغیر، وزیر اعظم مودی نے اس حملے کے پیچھے موجود عناصر کو سخت انتباہ دیا۔ انھوں نے کہا میں قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ اس حملے کو انجام دینے والے اور ان کے مددگاروں کو ایسا جواب دیا جائے گا جس کا انہوں نے تصور بھی نہیں کیا ہوگا۔
نہتے شہریوں پر حملہ ملک کی روح پر حملہ، عبرتناک جواب دیں گے : مودی
