عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/ نیشنل کانفرنس کے سینئر رہنما اور سری نگر لوک سبھا حلقے سے رکن پارلیمان آغا سید روح اللہ مہدی نے بدھ کے روز پارلیمانی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے ریلوے کے اجلاس کے دوران جموں و کشمیر کے ساتھ براہ راست ریل رابطے کو بہتر بنانے پر زور دیا۔
یہ بات انہوں نے سرینگر میں منعقدہ پارلیمانی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے ریلوے کے ایک اجلاس کے دوران کہی۔
انہوں نے زور دیا کہ ریلوے نیٹ ورک کی توسیع ذمہ داری کے ساتھ کی جانی چاہیے تاکہ ماحولیاتی طور پر حساس علاقوں اور مقامی آبادیوں، خاص طور پر وادی کشمیر میں تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
آغا روح اللہ نے اس بات پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا کہ وادی میں اخروٹ، بادام اور سیب کے باغات کو ناقابل تلافی نقصان سے بچایا جائے۔
سری نگر سے رکن پارلیمان نے مقامی کسانوں کی مدد کے لیے سیبوں کی ترسیل کے لیے سبسڈی والے کرایہ پر مال بردار ٹرین سروس شروع کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ انہوں نے مختلف علاقوں میں ریلوے کراسنگ کی سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ لوگوں کی رسائی اور حفاظت کو بہتر بنایا جا سکے۔
پارلیمانی اسٹینڈنگ کمیٹی اجلاس میں رُکن پارلیمان روح اللہ مہدی کا کشمیر کیلئے براہ راست ریل رابطے کا مطالبہ
