گاندربل میں موسم کا گرم ترین دن ریکارڈ، پارہ 34.8 ڈگری سینٹی گریڈ درج

عظمیٰ ویب ڈیسک

گاندربل// وسطی کشمیر کے گاندربل ضلع میں اتوار کو پارہ 34.8 ڈگری سینٹی گریڈ درج کیا گیا، جو مئی کے مہینے کے دوران وادی کشمیر میں موسم کا گرم ترین دن تھا، اسی دوران جموں میں دن کا درجہ حرارت 42.5 ڈگری سینٹی گریڈ درج کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ضلع گاندربل میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، اس کے بعد قاضی گنڈ 32.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
اسی دوران سرینگر شہر میں پارہ 32.7 ڈگری سینٹی گریڈ
قاضی گنڈ میں 33.5 ڈگری سینٹی گریڈ
بانڈی پورہ میں 32.7 ڈگری سینٹی گریڈ
شوپیاں میں 32.7 ڈگری سینٹی گریڈ
گاندربل میں 34.8 ڈگری سینٹی گریڈ
اننت ناگ میں 32.6 ڈگری سینٹی گریڈ
پلوامہ میں 32.6 ڈگری سینٹی گریڈ
بڈگام میں 31.3 ڈگری سینٹی گریڈ
بارہمولہ میں 30.9 ڈگری سینٹی گریڈ
کوکرناگ میں 31.5 ڈگری سینٹی گریڈ
جموں میں 42.5 ڈگری سینٹی گریڈ
واضح ہے کہ وادی کشمیر بشمول جموں کے کچھ حصوں میں شدید گرمی ہے ۔ ماہر موسمیات نے اگلے ایک ہفتے تک مزید گرم اور خشک موسم کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کی جموں و کشمیر میں اگلے 3 دنوں کے دوران گرمی کی لہر جاری رہنے کے پیش نظر لوگوں سے زیادہ سے زیادہ مقدار میں پانی پینے اور گرمی سے بچنے کی تاکید کی گئی ہے۔ متعلقہ محکمہ کے ترجمان نے کہا کہ وادی میں 28 مئی تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے اور اس دوران کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارشوں کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ بعد ازاں وادی میں 29 سے 31 مئی تک موسم جزوی ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران بعد دوپہر کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارشیں متوقع ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ وادی میں 31 مئی تک موسم میں کسی بڑی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے۔ انہوں نے کہا تاہم اگلے چار دنوں کے دوران جموں صوبہ کے میدانی علاقوں میں گرمی کی لہر جاری رہ سکتی ہے اور وادی کشمیر اور جموں کے پہاڑی اضلاع میں موسم خشک اور گرم رہ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے لوگوں بالخصوص عمر رسیدہ افراد، بچوں اور مریضوں کو زیادہ مقدار میں پانی پینے اور خاص طور پر دوپہر 12 بجے سے دن کے 3 بجے تک گرمی سے بچنے کی تاکید کی ہے۔