عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو اپنے ریڈیو پروگرام ’من کی بات‘ میں پہلگام حملے کا ذکر کرتے ہوئے متاثرین کے خاندانوں کو یقین دلایا کہ انہیں انصاف ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ 22 اپریل کا حملہ ظاہر کرتا ہے کہ ملی ٹینٹ جموں و کشمیر میں آتے ہوئے امن سے خائف ہیں اور وہ اس یونین ٹیریٹری کو تباہ کرنا چاہتے ہیں۔
وزیر اعظم مودی نے کہا، پہلگام واقعہ ان لوگوں کی مایوسی اور بزدلی کو ظاہر کرتا ہے جوملی ٹینسی کی پشت پناہی کرتے ہیں۔ ایک وقت جب کشمیر میں سکون واپس آرہا تھا، اسکولز اور کالجز میں رونق بحال ہو رہی تھی، جمہوریت مضبوط ہو رہی تھی، سیاحت میں اضافہ ہو رہا تھا اور نوجوانوں کے لیے نئے مواقع پیدا ہو رہے تھے، تب دشمنوں کو یہ سب ناگوار گزرا۔ ملی ٹینٹ ایک بار پھر کشمیر کو برباد کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا، میں ایک بار پھر پہلگام حملے کے متاثرین کو یقین دلاتا ہوں کہ انہیں انصاف ضرور ملے گا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ یہ واقعہ ان کے دل میں گہری تکلیف کا سبب بنا ہے۔انہوں نے کہاپہلگام میں 22 اپریل کو ہونے والا حملہ ہر بھارتی کے دل مغموم کر گیا ہے۔ ہر بھارتی شہری متاثرہ خاندانوں کے ساتھ گہری ہمدردی رکھتا ہے۔
وزیر اعظم مودی نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ ملک کا ہر شہری اس حملے پر غم و غصے سے بھرا ہوا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ملی ٹینسی کے خلاف اپنی عزم کو مزید مضبوط کریں۔وزیر اعظم مودی نے عہد کیا کہ بھارت اس حملے کے ذمہ داروں کو ڈھونڈ نکالے گا اور کیفر کردار تک پہنچائے گا۔
گزشتہ پانچ دنوں کے دوران، بھارت نے پاکستان کے خلاف کئی سخت اقدامات اٹھائے ہیں، جن میں سندھ طاس معاہدے کی معطلی اور پاکستانی سفارتی عملے میں کمی شامل ہے۔ نئی دہلی نے پاکستانی شہریوں کے لیے ویزاسروسز بھی معطل کر دی ہیں، ان کے جاری شدہ ویزے منسوخ کر دئیےہیں اور انہیں واپس بھیجا جا رہا ہے۔جموں و کشمیر میں سیکیورٹی فورسز نے کم از کم 9 ملی ٹینٹوں کے گھروں کو مسمار کر دیا ہے۔
ملی ٹینٹ جموں و کشمیر میں امن سے خائف ہیں، متاثرین کو انصاف ملے گا:وزیر اعظم نریندر مودی
