عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/دہلی کے سابق وزیر اعلیٰ اور عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کیجریوال نے جموں و کشمیر کے رکن اسمبلی معراج ملک کی گرفتاری کو’جمہوریت پر کھلا حملہ‘ قرار دیتے ہوئے سخت الفاظ میں مذمت کی ہے کیجریوال نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا: ’کیا اپنے علاقے کے عوام کے لیے اسپتال کا مطالبہ کرنا اتنا بڑا گناہ ہے کہ اس کے لیے ایک منتخب ایم ایل اے کو جیل میں ڈال دیا جائے‘ .انہوں نے کہا کہ معراج ملک اپنی بہادری اور عوامی خدمات کی وجہ سے جانے جاتے ہیں اور ہمیشہ عوام کی آواز بن کر ان کے حقوق کی لڑائی لڑتے رہے ہیں۔
کیجریوال نے مزید کہا: ’معراج ملک عام آدمی پارٹی کے شیر ہیں، جیل، دھمکیاں اور سازشیں کبھی بھی ہمارے سپاہیوں کو عوامی حق کی جنگ سے پیچھے نہیں ہٹا سکتیں۔‘
واضح رہے کہ جموں و کشمیر پولیس نے پیر کے روزعام آدمی پارٹی کے ممبر اسمبلی معراج ملک کو گرفتار کیا، اس کارروائی کے بعد ریاستی اور قومی سطح پر سیاسی ماحول میں گرمی پیدا ہوگئی ہے اور اپوزیشن جماعتیں بھی اس اقدام پر سوالات اٹھا رہی ہیں۔
عام آدمی پارٹی نے اعلان کیا ہے کہ وہ ملک بھر میں اس گرفتاری کے خلاف احتجاجی مہم شروع کرے گی اور اپنے ایم ایل اے کی فوری رہائی کا مطالبہ جاری رکھے گی۔
معراج ملک کی گرفتاری عوامی آواز دبانے کی کوشش، جمہوریت پر حملہ: اروند کیجریوال
