عظمیٰ ویب ڈیسک
جمو/جموں کے سرحدی علاقوں میں دراندازی کی مسلسل کوششوں اور حالیہ واقعات میں غیر معمولی اضافے کے پیش نظر فوج اور بارڈر سیکورٹی فورسز کو مکمل چوکسی اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔سیکورٹی ذرائع کے مطابق لائن آف کنٹرول (ایل او سی) اور بین الاقوامی سرحد پر تعینات اہلکاروں کو ہمہ وقت الرٹ رہنے کا حکم جاری کیا گیا ہے تاکہ ملک دشمن عناصر کے منصوبوں کو بروقت ناکام بنایا جا سکے۔
ذرائع نے بتایا کہ پونچھ میں دراندازی کی کوشش کو ناکام بنانے کے دوران دو دہشت گردوں کی ہلاکت کے بعد لائن آف کنٹرول پر فوج کو چوکس رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔معلوم ہوا ہے کہ ممکنہ دراندازی کے پیش نظر سیکورٹی فورسز کا گشت تیز کیا گیا ہے جبکہ رات کے وقت تھرمل امیجنگ اور ڈرون کے ذریعے نگرانی میں بھی شدت لائی گئی ہے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ جموں کے گھنے جنگلات میں موجود دہشت گردوں کو انجام تک پہنچانے کی خاطر بھی سرحدی علاقوں میں سیکورٹی فورسز کی تعیناتی بڑھا دی گئی ہے۔حکام نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ کسی مشکوک نقل و حرکت یا غیر مقامی شخص کی موجودگی کی اطلاع فوری طور پر قریبی سیکورٹی کیمپ یا پولیس اسٹیشن کو دیں تاکہ امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔
جموں کے سرحدی علاقوں میں فوج کی چوکسی بڑھائی گئی، حفاظتی انتظامات مزید سخت
